اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 روز میں 190 ملزمان گرفتار

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے عدالتی مفروران، عادی مجرمان اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ستمبر کے ابتدائی 10 روز کے دوران 190 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان مختلف جرائم اور وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے عدالتی مفروران، عادی مجرمان اور اشتہاری ملزمان کو حراست میں لیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس نے ’ڈرائیور لیس‘ کار پولیس وین سے ٹکرانے والے نوجوان کو ملک کا مستقبل قرار دیدیا

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں مؤثر سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں جبکہ مشتبہ اور مطلوب افراد کی نگرانی کا دائرہ بھی مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp