قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو حکومتی نااہلی قرار دیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کا بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے ان کے لیے ریلیف اور آسانیاں پیدا کی جائیں، ان سے روٹی نہ چھینی جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں ملک کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف عالمی حالات کا نتیجہ نہیں، بلکہ حکومتی نااہلی بھی اس کی بڑی وجہ ہے۔ جب ٹیکس کلیکشن کے اہداف پورے نہیں ہوتے تو سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور پیٹرول پر بھاری ٹیکس لگا کر رقم نکال لی جاتی ہے۔مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی…
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) September 12, 2026
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں لکھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صرف عالمی منڈی کے رجحانات کا نتیجہ نہیں، بلکہ اس میں حکومتی معاشی نااہلی کا بھی واضح عمل دخل ہے۔
ٹیکسوں کا بوجھ اور معاشی اہداف کی ناکامی
انہوں نے نظامِ محاصل کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے نشاندہی کی کہ جب معاشی ادارے ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو اس کا تمام تر ملبہ براہِ راست غریب عوام پر گرا دیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق حکومت پیٹرول پر بھاری ٹیکس عائد کر کے عوام کی جیبوں سے اپنا خسارہ پورا کرتی ہے، جو کہ ایک غیر منصفانہ طرزِ حکمرانی ہے۔
عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی دردمندانہ اپیل
شاہد خان آفریدی نے عام آدمی کی ابتر معاشی حالت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہوشربا مہنگائی نے غریب کے لیے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی محال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بڑھتی مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، پی ٹی آئی نے حکومت سے بڑے مطالبات کردیے
انہوں نے اربابِ اختیار سے دردمندانہ اپیل کی کہ عوام پہلے ہی شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں، لہٰذا ان پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان میں آئی ایم ایف کی شرائط اور دیگر معاشی عوامل کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور عام آدمی کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔
ان معاشی حالات کے پیشِ نظر اب نامور سماجی شخصیات، اسپورٹس مینز کی جانب سے بھی حکومت پر عوامی ریلیف کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔














