سابق وزیراعظم نواز شریف کی نواسی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا نکاح ہفتے کے روز لاہور میں ہوا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ تقریب میں شریک خاندان کے افراد کے ملبوسات، گھڑیاں، بیگز اور زیورات بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
ماہ نور صفدر کی نکاح کی تقریب لاہور میں واقع جاتی امرا میں منعقد ہوئی۔ یہ ایک نجی اور محدود تقریب تھی، جبکہ معروف عالمِ دین مفتی راغب حسین نعیمی نے نکاح پڑھایا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، علی ڈار، مریم اورنگزیب اور خاندان کے دیگر افراد سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مریم نواز کا لباس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی بیٹی کے نکاح کے موقع پر اپنے لباس اور منفرد انداز کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز رہیں۔
مریم نواز نے تقریب کے لیے معروف پاکستانی ڈیزائنر پرنیان بائے عائشہ کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، جس کی قیمت تقریباً 7 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ لباس کی تیاری میں خالص چائنا را سلک اور چینٹیلی لیس استعمال کی گئی، جسے نفیس کڑھائی اور لگژری کاؤچر ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا تھا۔
اذان جبار کی مہنگی گھڑی
ماہ نور صفدر کے شوہر اذان جبار معروف فلور ملز صنعتکار جبار خالد کے صاحبزادے ہیں۔ ماہ نور اور اذان دونوں نے لندن کی SOAS یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے۔
نکاح کی تصاویر میں اذان جبار کی گھڑی بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے معروف لگژری واچ برانڈ Patek Philippe کی Cubitus گھڑی پہن رکھی تھی، جس کی ریٹیل قیمت تقریباً 45 ہزار امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں اس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 24 لاکھ روپے بنتی ہے۔
شانزے علی روحیل کا منیش ملہوترا کا لباس
مریم نواز کی بہو اور جنید صفدر کی اہلیہ شانزے علی روحیل نے اپنی نند ماہ نور صفدر کے نکاح کے موقع پر بھارتی فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا۔
اس لباس کی قیمت تقریباً 35 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ ان کے ہاتھ میں موجود Judith Leiber بیگ کی قیمت تقریباً 17 لاکھ 42 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
ماہ نور صفدر کا عروسی لباس، رولیکس گھڑی اور جمی چو بیگ
نکاح کے موقع پر دلہن ماہ نور صفدر نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر ندا اظور (Nida Azwer) کا تیار کردہ ہلکے سنہری رنگ کا عروسی لباس پہنا۔ لباس پر فیروزی، گلابی، سنہری اور سلور رنگوں کی نفیس کڑھائی نمایاں تھی جبکہ اس عروسی لباس کی قیمت تقریباً 15 لاکھ روپے ہے۔ ماہ نور صفدر کے ساتھ تصاویر میں Jimmy Choo کا بیگ بھی نمایاں رہا، جس کی قیمت تقریباً 14 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے Rolex گھڑی پہن رکھی تھی، جس کی مختلف ماڈلز اور مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے قیمت تقریباً 19 لاکھ سے 27 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی بیٹی ماہ نور کی شادی، تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی
ماہ نور صفدر نے ہیرے کے زیورات کے ساتھ میک اپ اسٹوڈیو بائے سحرش سے سافٹ آئیوری بنک گلوئنگ میک اپ کروایا، جبکہ بالوں کو نیم کھلے انداز میں اسٹائل کیا گیا تھا۔ جس نے ان کے پُر وقار اور سادگی سے بھرپوربرائیڈل لُک کو چار چاند لگا دیئے۔
دستیاب قیمتوں کو جمع کیا جائے تو مریم نواز، اذان جبار، شانزے علی روحیل اور ماہ نور صفدر کے نمایاں ملبوسات، گھڑیوں اور بیگز کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 16 لاکھ سے 2 کروڑ 24 لاکھ روپے بنتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مریم نواز اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کے موقع پر پہنے گئے مہنگے ملبوسات کے باعث بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز رہی تھیں۔ اس وقت ان کے مختلف ملبوسات کی مجموعی قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی گئی تھی۔














