کراچی کے مختلف علاقوں میں سمندر سے آنے والی تیز اور ناگوار بدبو پھیل گئی، جس نے شہر کے ساحلی علاقوں کے علاوہ دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو بھی پریشان کردیا۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن، ڈیفنس، کورنگی، پی ای سی ایچ ایس، ایم اے جناح روڈ، ٹاور اور کھارادر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بدبو محسوس کی گئی، کئی شہریوں کے لیے اس سے بچنا مشکل ہوگیا اور معمول کی صبح ناگوار صورتحال میں تبدیل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کو سمندری طوفان کا خطرہ؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
سمندری ماہرین کے مطابق اس بدبو کے پیچھے کسی پراسرار کیمیائی اخراج، کچرے کے خفیہ ڈھیر یا اچانک پیدا ہونے والی آلودگی کا واقعہ نہیں بلکہ مون سون کے دوران کراچی کے ساحلی پانیوں میں پیدا ہونے والا ایک قدرتی موسمی عمل ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق مون سون کے کئی ماہ پر محیط موسم کے اختتام پر سمندری حالات میں تبدیلی کے باعث یہ قدرتی عمل عام طور پر سامنے آتا ہے۔
مون سون کے دوران سمندر میں فائٹوپلانکٹن کی افزائش تیزی سے ہوتی ہے اور بعض اوقات ان کی تعداد اتنی بڑھ جاتی ہے کہ سمندر کا پانی سبز رنگ کا دکھائی دینے لگتا ہے۔ بعد ازاں ہواؤں، پانی کی حرکت اور موسمی حالات میں تبدیلی کے باعث یہ خوردبینی جاندار مرنا شروع ہوجاتے ہیں اور ان کے گلنے سڑنے سے شدید ناگوار بو پیدا ہوتی ہے۔
محمد معظم خان نے وضاحت کی کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث سمندری حالات بدلنے پر فائٹوپلانکٹن قدرتی طور پر مرنا شروع ہوجاتے ہیں، جس کی ایک وجہ ہواؤں اور پانی کی صورتحال میں تبدیلی بھی ہے۔ ان کے گلنے سڑنے کے عمل سے تیز اور ناگوار بو پیدا ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے قریب سمندر میں نایاب شارک کی موجودگی کا انکشاف
انہوں نے بتایا کہ صرف فائٹوپلانکٹن ہی اس بدبو کا سبب نہیں بنتے بلکہ مون سون کے دوران سمندری نباتات کی دیگر اقسام بھی تیزی سے بڑھتی ہیں اور بعد میں مرنے اور گلنے سڑنے کے باعث سمندر سے آنے والی بو میں اضافہ کرتی ہیں۔
محمد معظم خان نے بتایا کہ ایسا ہی ایک واقعہ تقریباً 3 روز قبل گوادر کے ساحلی علاقے میں بھی دیکھا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں موسمی سمندری چکر جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی میں سمندر کی بدبو کا شہر کے اندر دور تک پھیلنے کی ایک اہم وجہ معمول کے مطابق سمندری ہواؤں کا نہ چلنا بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک سمندری ہوائیں معمول سے کمزور رہیں۔ عام طور پر سمندری ہوائیں ساحلی ہوا کو شہر سے دور لے جانے اور بدبو کو منتشر کرنے میں مدد دیتی ہیں، تاہم کمزور ہواؤں کے باعث بدبو فضا میں موجود رہی اور شہر کے مختلف علاقوں تک پھیل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سمندر کی تہہ سے کچرا صاف کرنا ممکن، جاپانی سائنسدانوں نے حیرت انگیز’ڈیپ لٹر اے آئی‘ سسٹم بنا لیا
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے بیشتر حصے میں ہوائیں کمزور رہیں، تاہم شام کے وقت جنوب مغربی سمندری ہواؤں میں تیزی آئی اور ان کی رفتار 22 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ جمعرات سے سمندری ہوائیں مکمل طور پر فعال ہوجائیں گی، جس سے فضا صاف ہونے اور ناگوار بدبو کے ختم ہونے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق اس قدرتی موسمی عمل سے فی الحال گھبرانے کی ضرورت نہیں اور سمندری ہواؤں میں تیزی کے ساتھ کراچی سے یہ ناگوار بدبو بھی ختم ہونے کا امکان ہے۔














