وائس چانسلر جامعہ پشاور کا چائنا ونڈو کا دورہ، طلبہ کو چینی جامعات سے استفادے کا مشورہ

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے چائنا ونڈو پشاور کا دورہ کرتے ہوئے پاک چین دوستی، ثقافتی روابط اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایسے مراکز کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

وائس چانسلر نے چائنا ونڈو کی مختلف گیلریوں کا دورہ کیا اور چین کی تاریخ، ثقافت، روایات، ترقی اور پاک چین تعلقات سے متعلق نمائشوں اور معلومات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے چائنا ونڈو کی کوششوں کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:نیا چینی سال اور جشن بہاراں، ثقافتی مرکز ’چائنا ونڈو‘ میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور عوامی روابط اس دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنا ونڈو میں چین کی تاریخ، ثقافت اور ترقی کو اجاگر کرنے کا انداز قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ چائنا ونڈو کا دورہ کریں تاکہ چین کی ثقافت اور پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ چین نے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور پاکستانی طلبہ کے لیے چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے اور جدید تعلیم و تحقیق کے حصول کے لیے چینی جامعات سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے جامعہ پشاور اور چائنا ونڈو کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چائنا ونڈو اور جامعہ پشاور کے چائنا اسٹڈی سنٹر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی پیشکش بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی صرف حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ عوام، جامعات، طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں کے باہمی روابط سے مزید مضبوط ہوتی ہے، جبکہ چائنا ونڈو جیسے پلیٹ فارمز عوامی سطح پر ان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp