امریکی سفارتخانے کا اسٹیم بلڈر پروگرام اختتام پذیر، 100 سے زائد نوجوانوں نے جدت کے گر سیکھ لیے

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی سفارتخانے کی جانب سے لنکن کارنر اسلام آباد میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، آرٹس اینڈ میتھس (اسٹیم) کے شعبوں میں ’اسٹیم بلڈر‘ کے عنوان سے تربیتی پروگرام کی تکمیل کا جشن منایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کے خلاف تعاون سے معاشی شراکت داری تک، پاک امریکا تعلقات میں نئے معاشی اور اسٹریٹجک دور کا آغاز

اسٹیم بلڈر پروگرام کے تحت 100 سے زائد شرکا کو تھری ڈی پرنٹنگ، کوڈنگ اور ڈیجیٹل ماڈلنگ کی تربیت دی گئی۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں قائم 6 لنکن کارنرز سے وابستہ افراد کی شرکت اس تربیتی کوشش کی وسیع رسائی اور اہمیت کی غماز ہے جو ٹیکنالوجی اور جدت میں امریکی برتری کو اجاگر کرتی ہے۔

پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی ایزکورپس کے ساتھ قریبی تعاون سے مکمل ہونے والے اس پروگرام میں شرکا کو جدید ترین آلات کے استعمال سے عملی تجربہ فراہم کیا گیا اور جدت پسند افراد کی نئی نسل کو تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں مقابلہ کرنے کی صلاحیتوں سے آراستہ کیا گیا۔

اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام منسٹر قونصلر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈیوڈ موئر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسٹیم بلڈر صرف ایک تربیتی نشست تک محدود نہیں بلکہ یہ اس امر کا اظہار ہے کہ لنکن کارنرز ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیت اور مواقع کے ایسے مراکز کے طور پر فعال ہیں جہاں پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹیم ٹیلنٹ امریکی ٹیکنالوجی اور تعلیمی ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے وہ آلات اور مہارتیں حاصل کرتے ہیں جو جدت، کاروباری صلاحیت اور اقتصادی ترقی کو تقویت دیتی ہیں۔

امریکی سفارتخانہ کی جانب سے فریڈم ٹو ففٹی کے جشن کی مناسبت سے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے تربیتی پروگرام میں تھری ڈی کی معاونت سے لبرٹی بیل کا ماڈل اور امریکا کا ایک تھری ڈی نقشہ بھی تیار کیا گیا۔ یہ دونوں چیزیں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کی اسلام آباد عمارت میں واقع لنکن کارنر میں مستقل طور پر رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیے: پاکستان میں گوگل کا پہلا دفتر، تیل و گیس معاہدہ، پاک امریکا تعاون کے نئے دروازے کھل گئے

ملک بھر میں 15 مقامات پر قائم لنکن کارنرز پر مشتمل نیٹ ورک کی آئندہ سال کی سرگرمیاں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور میتھس پر مزید توجہ مرکوز کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp