کراچی کے علاقے احسن آباد میں گزشتہ روز ایک فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی کئی روز پرانی لاشیں ملی تھیں۔
لاشوں کی شناخت گھر کے سربراہ ڈاکٹر عمر، ان کی اہلیہ مہوش اور ایک بیٹی زینب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر 2 بیٹیوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: جناح ایئرپورٹ پر غیرملکی ایئر لائن کے دفتر سے اسٹیشن مینیجر کی لاش برآمد
پولیس کے مطابق فلیٹ سے تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی، فلیٹ میں داخل ہونے کے لیے پولیس نے دروازہ توڑا تو کمرے میں موجود بستر پر ڈاکٹرعمر، ان کی اہلیہ اور 3 کم عمر بچیوں کی لاشیں موجود تھیں۔
ڈاکٹر عمر کے بھائی ابوبکر کے مطابق کچھ خاندانی مسائل کی وجہ سے ان کا بھائی کے ساتھ رابطہ نہیں تھا، انہیں صرف ایک بیٹی کے بارے میں علم تھا، جبکہ دیگر 2 بچوں کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔ ان کے مطابق واقعے کا علم انہیں پڑوسیوں اور پولیس کے ذریعے ہوا۔
کراچی احسن آباد لاکھانی ٹاور میں واقع فلیٹ سے ڈاکٹر عمر اور اسکی بیوی اور تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں جو کہ چار پانچ روز پرانی ہیں پولیس کے مطابق ابھی صورتحال واضح نہیں کہ اموات کیسی ہوئی تحقیقات جاری ہیں#karachi pic.twitter.com/SPsLjhn6d3
— Samar Abbas (@Samarjournalist) September 20, 2026
متوفین کے پڑوسی عدنان کے مطابق ڈاکٹر عمر کافی عرصے سے بے روزگار تھے اور حال ہی میں انہیں ایک نجی اسپتال میں ملازمت ملی تھی۔ ان کے مطابق ڈاکٹر عمر 9 ستمبر کو اسپتال سے تنخواہ لے کر نکلے تو راستے میں ڈاکو نے انہیں لوٹ لیا تھا۔
دوسری جانب متوفین کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق لاشیں 4 سے 5 روز پرانی ہیں، تاہم پوسٹ مارٹم کے دوران موت کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ رشتے داروں کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرانے کی صورت میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی: مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 لاشیں برآمد، تحقیقات جاری
پولیس نے 10 افراد کے ابتدائی بیانات قلم بند کرنے کے ساتھ عمارت اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔ پولیس کو گھر کی تلاشی کے دوران کوئی موبائل فون نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر عمر کی اہلیہ نے گزشتہ ہفتے گھر کا اوون فروخت کرنے کی بھی کوشش کی تھی، جس پر ایک پڑوسی نے انہیں کچھ مالی مدد فراہم کی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر عمر کا آبائی تعلق بہاول نگر سے تھا۔













