پیٹرول سستا کرنے کی گنجائش نہیں، اسلام آباد میں کسی کو بھی دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، طارق فضل چوہدری

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے 5 دور ہو چکے ہیں، حکومت پر امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات کا حل نکال لیا جائے گا اور اسلام آباد میں دوبارہ دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

وی نیوز سے ایک خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان سمیت پورے خطے میں پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔

حکومت نے عالمی قیمتوں اور موجودہ معاشی صورتحال کو جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں بھی زیرِ بحث لایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکیاں ہرگز قبول نہیں، طارق فضل چوہدری

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے 100 روپے فی لیٹر تک کی ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجویز بھی جماعت اسلامی کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہے، اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، لوڈر، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک آسان نظام بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے اہل افراد اپنی موٹر سائیکل یا رکشہ رجسٹر کرا سکتے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ سبسڈی ان افراد تک پہنچے جو واقعی اس کے مستحق ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کا فائدہ امیر اور غریب سمیت سب کو ہوتا ہے، تاہم موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والے طبقے پر قیمتوں میں اضافے کا زیادہ اثر پڑتا ہے۔ ’اسی لیے حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

مزید پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیوں ناکام ہوئے؟ طارق فضل چوہدری نے بتا دیا

اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت کو وفاقی دارالحکومت میں ایسے احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے معمولاتِ زندگی اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر ہو۔

ان کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات کے تحت شہر میں امن و امان اور شہریوں کی معمول کی نقل و حرکت برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی واضح طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کو بند کرنے یا شہر میں یلغار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: سانحہ پمز کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات کب درج کیے جا رہے ہیں؟، طارق فضل چوہدری نے بتا دیا

ان کے بقول، پی ٹی آئی کی جانب سے آنے والے بعض بیانات اشتعال انگیز ہیں اور کسی بھی گروہ کو جتھوں کی صورت میں اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

راستوں کی ممکنہ بندش سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ فی الحال راستے بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری رہے گی، مارگلہ کی پہاڑیوں کے راستے اسلام آباد آنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت میں یلغار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  ’سیاسی مخالفت کو سیاست تک رہنا چاہیے‘، طارق فضل چوہدری کی سیاسی حریف شعیب شاہین کی عیادت

پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ ممکنہ بڑی کمی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک عالمی منڈی میں پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں آتی، پاکستان جیسے معاشی مشکلات سے دوچار ملک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کرکے عمومی سبسڈی دینا ممکن نہیں۔

’حکومت کی کوشش ہے کہ پیٹرولیم  مصنوعات جس قیمت پر درآمد ہوں، انہیں اسی کے مطابق عوام کو فراہم کیا جائے، جبکہ سبسڈی ٹارگٹڈ بنیادوں پر دی جائے۔‘

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ان کے علم میں فی الحال ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ پیٹرول کی قیمتوں میں فوری طور پر نمایاں کمی متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp