پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر ان کے نجی لندن دورے کے لیے سرکاری جہاز استعمال کرنے اور دہشتگردی سے متعلق بیان پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا دورہ لندن، سرکاری طیارے کے مبینہ استعمال کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھا دیا گیا
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سینیئر وزیر نے کہا کہ اصل مسئلہ نہ تو جہاز کے استعمال کا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ کے بیان کا بلکہ اصل مسئلہ ان کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر گزشتہ ہفتے اپنے لندن دورے کے دوران مبینہ طور پر سرکاری جہاز استعمال کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے جو ان کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی سواس یونیورسٹی لندن سے انتھروپولوجی میں گریجویشن کی تقریب کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ مریم نواز اس دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گی اور یہ واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ لندن کے سفر کے اخراجات مریم نواز کو خود ادا کرنے ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ وزیراعلیٰ کے بیان کو صوبوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور ملک میں تفریق پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
مزید پڑھیے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا حالیہ بیان تنقید کی زد میں کیوں ہے ؟
یہ بیان اس تنقید کے جواب میں سامنے آیا جو وزیراعلیٰ کے اس ریمارکس پر کی جا رہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ہمسایہ صوبوں سے زیادہ سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل جمعے کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی نے اکثریتی رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں صوبوں سے متعلق مریم نواز کے ’جانبدارانہ‘ بیان کی مذمت کی گئی تھی۔
آج کل تکلیف جہاز اور مریم نواز کے بیان کی نہیں ہے تکلیف مریم نواز کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ہے۔ واضح طور پہ بتا دیا گیا ہے کہ لندن دورے کا خرچہ مریم نواز نے خود ادا کرنا ہے.
وزیراعلی پنجاب کے بیان کو صوبوں میں نفرت اور قوم میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے…— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) September 12, 2026
خیبر پختونخوا کے وزیرِ قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں ایوان نے مریم نواز، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ اور پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کو پنجاب میں دہشتگردی سے جوڑنے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کی مذمت کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان کا خیال ہے کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف حقائق کے برخلاف اور غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ سیاسی مفادات پر مبنی بھی ہیں اور یہ صوبے کے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی توہین کے مترادف بھی ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی جیسے قومی اور حساس معاملے کو سیاسی رنگ دینا اور ایک صوبے کو دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا قومی یکجہتی اور وفاقی جذبے کے خلاف ہے۔
مزید پڑھیں: ’چھٹیوں پر ہوں‘: مریم نواز کا صوبوں کی تقسیم سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز
قرارداد کے مطابق دہشتگردی کسی ایک صوبے یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کے لیے ایک چیلنج ہے جس سے صرف قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔













