پنجاب میں دل کے مریضوں کے لیے 6 کیتھ لیبز فعال، 7ہزار سے زیادہ مریضوں کی ہارٹ سرجری مکمل

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت کے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب منصوبے کے تحت 6 اضلاع میں قائم کیتھ لیبز کے ذریعے اب تک 7294 مریضوں کی ہارٹ سرجری مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں قائم کی گئی دیگر کیتھ لیبز کے بعد صوبے کے مزید اضلاع میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

پنجاب حکومت کے مطابق جہلم، جھنگ، میانوالی، وہاڑی، قصور اور بہاولنگر میں کیتھ لیبز عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ منصوبے کا مقصد دل کے مریضوں کو ضلعی سطح پر جدید علاج کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں علاج کے لیے بڑے شہروں کے ہسپتالوں کا رخ کرنے سے بچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: امراض قلب کے مریضوں کے لیے خوشخبری، ہر ضلعی اسپتال میں جدید کارڈیک کیتھ لیب

پنجاب حکومت نے مرحلہ وار صوبے کے ہر ضلع میں کارڈیک کیتھ لیب قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ جولائی 2025 میں 16 اضلاع میں کیتھ لیبز کے قیام کا اعلان کیا گیا، جن میں اٹک، جہلم، میانوالی، قصور، جھنگ، وہاڑی، بہاولنگر، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، خانیوال، راجن پور، بھکر، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد شامل تھے۔

جنوری 2026 میں پنجاب حکومت نے بتایا تھا کہ جہلم کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں کیتھ لیب قائم ہوچکی ہے جبکہ جھنگ، میانوالی اور وہاڑی میں سہولیات مکمل کرکے انہیں فعال کرنے کا عمل جاری ہے۔

دوسرے مرحلے میں بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کیتھ لیبز فعال کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے فلیگ شپ ہیلتھ پراجیکٹس، پنجاب میں صحت سہولیات کی نئی مثال قائم

کیتھ لیبز میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور پرائمری پی سی آئی جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت کے مطابق ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں 60 سے 90 منٹ کے اندر مریض کو طبی سہولت ملنے سے جان بچانے کے امکانات بہتر ہوتے ہیں۔ ضلعی سطح پر یہ سہولت دستیاب ہونے سے مریضوں کو دور دراز بڑے شہروں میں منتقل کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔

پنجاب حکومت نے ضلعی کارڈیالوجی مراکز میں ماہر امراض قلب، انٹروینشنل کارڈیالوجسٹس اور تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، جبکہ کیتھ لیبز میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے لیے خصوصی پے پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: نواز شریف کینسر اسپتال مکمل کرلیا گیا، علاج کو نئی سمت فراہم

حکومت کے مطابق ضلعی سطح پر جدید کیتھ لیبز کے قیام سے امراض قلب کے مریضوں کو ان کے اپنے اضلاع میں علاج کی سہولت ملے گی، بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا اور ہارٹ ایمرجنسی میں بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp