ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان اور ہانگ کانگ کا میچ بارش کے باعث ایک بھی گیند پھینکے بغیر منسوخ کردیا گیا، جس کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
نِسِن میں دن بھر مسلسل بارش کے باعث ٹاس بھی نہ ہوسکا اور میچ شروع ہونے سے قبل ہی کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز کی تاریخ میں پاکستانی کبڈی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل سے باہر
گراؤنڈ کے بڑے حصے کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا تھا جبکہ مسلسل موسلادھار بارش جاری رہی۔
ٹورنامنٹ کے پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق کوارٹر فائنل میچ منسوخ ہونے کی صورت میں آئی سی سی رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے۔
Pakistan cricket team preparing for a match against Hong Kong in Asian Games#PakistanCricket #PCB pic.twitter.com/bW8i9nMiJd
— Pak-China Today (@PakChinaToday) September 27, 2026
پاکستان کی رینکنگ ہانگ کانگ سے بہتر ہونے کے باعث گرین شرٹس نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔
پاکستان اب جمعرات کو چوتھے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا، چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش اور ملائیشیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان ان 4 سیڈڈ ٹیموں میں شامل تھا جنہوں نے براہِ راست کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، دیگر سیڈڈ ٹیموں میں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل، کپتان صاحبزادہ فرحان پر عزم
دوسری جانب ہانگ کانگ نے گروپ بی میں 3 ٹیموں کے درمیان مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ہانگ کانگ نے ملائیشیا کو 8 وکٹوں سے شکست دی، تاہم عمان کے ہاتھوں اسے 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان یہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلہ ہوتا، اس سے قبل پاکستان نے 2022 کے ایشیا کپ اور 2023 کے ایشین گیمز میں ہانگ کانگ کو شکست دی تھی۔













