بالی ووڈ کے معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر نے اپنے مقبول ٹی وی شو ‘کافی ود کرن’ کو 9 سیزنز کے بعد ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ 22 سال سے جاری اس شو کا آخری سیزن 14 اکتوبر سے نشر ہوگا، جس کے بعد یہ شو ہمیشہ کے لیے اختتام پذیر ہوجائے گا۔
ڈان امیجز کے مطابق ‘کافی ود کرن’ کا آغاز 2004 میں ہوا تھا اور اب تک اس کے 8 سیزنز میں 161 اقساط نشر ہوچکی ہیں۔ شو کے آخری سیزن کی اقساط 14 اکتوبر سے جیو ہاٹ اسٹار پر نشر کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کافی ود کرن بمقابلہ ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل، دونوں بالی ووڈ شوز کتنے مختلف ہیں؟
اس شو میں بالی ووڈ اور کھیلوں کی دنیا کی کئی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔ کرن جوہر مہمانوں سے ان کی دوستی، محبت، شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کرتے تھے۔ شو میں ہونے والی گفتگو اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی، تاہم بعض مواقع پر تنازعات نے بھی جنم لیا۔
کرن جوہر نے امریکی جریدے ورائٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘کافی ود کرن’ تفریحی صنعت میں ان کی شناخت کا ایک بڑا حصہ رہا ہے۔ انہیں یقین نہیں آرہا کہ اس شو کو شروع ہوئے 22 سال گزر چکے ہیں اور اب اس کا 9واں سیزن آخری ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شو کی میزبانی کا تجربہ ان کے لیے انتہائی خوشگوار رہا، تاہم اب وہ اپنی توجہ دیگر کاموں پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنی زندگی کی اگلی دہائی میں مزید فلموں کی ہدایت کاری اور نئی کہانیاں پیش کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے بھاری دل کے ساتھ شو کے آخری سیزن کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم سَیّارا کی کامیابی پر ’کرن جوہر‘ انتہائی جذباتی کیوں ہوئے؟
‘کافی ود کرن’ کی پہلی قسط میں شاہ رخ خان اور کاجول نے شرکت کی تھی، جبکہ پہلے سیزن میں امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی بھی شو کے مہمان بنے تھے۔ بعد کے سیزنز میں کاجول اور کرینہ کپور سمیت کئی معروف شخصیات بار بار شو میں شریک ہوئیں۔
شو کو مقبولیت کے ساتھ تنازعات کا بھی سامنا رہا۔ 2019 میں بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے شو میں خواتین کے بارے میں توہین آمیز گفتگو کی تھی، جس کے بعد متعلقہ قسط کو ہاٹ اسٹار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس واقعے پر ہاردک پانڈیا اور شو میں شریک دوسرے کرکٹر کے ایل راہول کو بھارتی قومی کرکٹ ٹیم سے عارضی طور پر معطل بھی کیا گیا تھا۔
2022 میں بھی کرن جوہر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شو کے ختم ہونے کا تاثر دیا تھا، جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ یہ شو واپس نہیں آئے گا۔ تاہم، چند گھنٹوں بعد انہوں نے وضاحت کی کہ شو ٹی وی پر نشر نہیں ہوگا بلکہ اسے ہاٹ اسٹار پر پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر نے بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کو ان فالو کر دیا، وجہ کیا ہے؟
کرن جوہر نے آخری سیزن کے حوالے سے کہا کہ یہ آخری مرتبہ ہوگا جب وہ اس صوفے پر بیٹھیں گے جو گفتگو، بے باکی اور تنازعات کی علامت بن چکا ہے۔ ان کے مطابق شو ختم کرنے کا فیصلہ ان کے لیے جذباتی اور ذاتی نوعیت کا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ اس شو سے ملنے والی محبت اس کے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔














