چین کی ایندھن برآمدات پر پابندی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کی جانب سے ایندھن کی برآمدات محدود کیے جانے اور مشرق وسطیٰ میں امریکا کی جانب سے مزید فوجی دستے اور طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کی اطلاعات کے بعد جمعہ کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 0022 جی ایم ٹی پر برینٹ خام تیل کی قیمت 29 سینٹ یا 0.28 فیصد اضافے کے بعد 102.60 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 27 سینٹ یا 0.29 فیصد بڑھ کر 93.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

اس سے ایک روز قبل برینٹ کی قیمت میں 4 ڈالر سے زائد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 2 ڈالر سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا دُنیا معاشی ’زلزلے‘ کی طرف بڑھ رہی ہے، خام تیل کی عالمی قیمتیں کب اور کیوں بے قابو ہوئیں؟

تیل کی قیمتوں میں اس تیزی کی بڑی وجوہات میں چین کی جانب سے ریفائنڈ ایندھن کی برآمدات محدود کرنے کی اطلاعات اور امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں فوجی موجودگی بڑھانے کی خبریں شامل ہیں۔

برینٹ رواں ہفتے مجموعی طور پر 1.93 فیصد کمی کی جانب گامزن ہے، تاہم ستمبر کے دوران اس کی قیمت میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈبلیو ٹی آئی میں گزشتہ ماہ تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا مشرق وسطیٰ میں تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز اور 10 ہزار تک مزید فوجی بھیج رہا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان پر بھی غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چین نے ایران کے ساتھ جنگ کے بعد مارچ میں ایندھن کی برآمدات محدود کی تھیں، جن میں جولائی میں نرمی کی گئی۔

تاہم اکتوبر کے لیے بڑے چینی ریفائنرز کو ہانگ کانگ اور مکاؤ کے علاوہ دیگر علاقوں کو ایندھن برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان

ادھر امریکی انتظامیہ نے جرمنی اور فرانس سے ہنگامی ڈیزل ذخائر مارکیٹ میں لانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی سطح پر بڑھتی ایندھن کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مدد مل سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے یورپی یونین سے آئندہ 6 ماہ کے دوران 12 کروڑ بیرل ڈیزل جاری کرنے کو کہا ہے۔

یورپی یونین کے ممالک کے پاس تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ ٹن ہنگامی خام تیل اور ایندھن کے ذخائر موجود ہیں، جنہیں عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے دوران استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp