اسلام آباد میں کھلی کچہریاں، ڈی آئی جی پولیس نے شہریوں کے مسائل سنے

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس علی وسیم نے کہا کہ شہری کی عزت اور اس کے جائز حق کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، شہریوں کی شکایات پر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ڈی آئی جی علی وسیم نے اسلام آباد میں ایک ہی روز میں 6 کھلی کچہریاں منعقد کیں، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا شہریوں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن

اس موقع پران کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کو اپنی شکایات پیش کرنے اور فوری داد رسی حاصل کرنے کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔

’شہری کا جائز حق ہی اس کی سب سے بڑی سفارش ہے، ہر معاملے میں میرٹ کو مقدم رکھا جائے گا۔‘

انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے مختلف علاقوں میں جا کر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے اور لوگوں کے مسائل براہِ راست سنے جائیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی خدمت، تحفظ اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، ڈرفٹنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، گاڑیاں ضبط

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے حل کے لیے قانون اور میرٹ کے مطابق اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

کھلی کچہریاں دارالحکومت کے رہائشی سیکٹرز جی-6، جی-9، ایف-6، ایف-7 اور ایف-8 مراکز سمیت ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کے دفتر میں منعقد کی گئیں۔

کھلی کچہریوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات براہِ راست ڈی آئی جی کے سامنے پیش کیے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے گرد گھیرا تنگ

ڈی آئی جی علی وسیم نے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

پولیس کے مطابق مقدمات کے مدعیان کی جانب سے تفتیش سے متعلق پیش کیے گئے اعتراضات اور شکایات پر بھی متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp