پاکستان کو جمعے کے روز ناگویا کنجو فوتو ایرینا میں ایشین گیمز 2026 کے مردوں کی اسکواش ٹیم مقابلے کے گولڈ میڈل میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز: محسن نقوی پاکستان، بھارت فائنل کے بعد میڈلز دینے کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے
ملائیشیا نے فائنل کا شاندار آغاز کیا جہاں امیشن راج چندرن نے پہلے مقابلے میں پاکستان کے ناصر اقبال کو 3-1 سے شکست دی۔
تاہم فائنل کا یہ پہلا مقابلہ ایک مختلف انداز میں شروع ہوا جب ناصر نے پہلا گیم محض 9 منٹ میں 11-8 سے جیت لیا۔
مگر چندرن نے حیرت انگیز واپسی کرتے ہوئے اگلے 3 گیمز مسلسل 11-3، 11-6 اور 11-4 سے صرف 26 منٹ میں اپنے نام کیے، جس سے ملائیشیا نے فائنل میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
نور زمان جنہیں سیمی فائنل میں ہانگ کانگ، چین کے خلاف پاکستان کی 2-1 سے کامیابی کے دوران تسز کوان لاؤ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا نے فائنل کے اس لازمی فتح والے مقابلے میں ملائیشیا کے ایین یو این جی کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔
تاہم زمان اس اہم مقابلے کا جاندار آغاز نہ کر سکے اور پہلا گیم جو 9 منٹ تک جاری رہا، 11-8 سے ہار گئے۔
مزید پڑھیے: ایشین گیمز ہاکی: شاندار مقابلے کے باوجود پاکستان بھارت سے سیمی فائنل نہ جیت سکا
مگر 22 سالہ کھلاڑی نے خود کو دوبارہ مجتمع کیا اور اگلے 2 گیمز 11-6 اور 11-7 سے جیت کر ایک شاندار فتح سے صرف ایک قدم کے فاصلے پر آ گئے جو فائنل کو فیصلہ کن مقابلے تک لے جا سکتی تھی۔
تاہم ایین یو این جی نے پاکستان کی اس واپسی کو روکتے ہوئے باقی 2 گیمز 11-4 اور 11-5 سے جیت کر زمان کو شکست دی اور گولڈ میڈل میچ میں ملائیشیا کو سیدھے مقابلوں میں 2-0 کی کامیابی دلا دی۔
مزید پڑھیں: ایشین گیمز : پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہوں گے
مردوں کی اسکواش ٹیم مقابلے کے فائنل میں ملائیشیا کے ہاتھوں اس شکست کے باعث پاکستان کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا جو ملک کا ایشین گیمز 2026 میں پہلا سلور میڈل ہے اور یہ 6 کانسی کے تمغوں کے بعد حاصل ہوا۔













