ایشین گیمز مینز کرکٹ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے جبکہ دفاعی چیمپیئن بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستان نے 13 اوورز کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 112 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدائی مشکلات کا سامنا کیا اور 53 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، تاہم عبدالصمد اور حسن نواز نے ناقابل شکست 59 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلا دی۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن شپ، پاکستانی کھلاڑی نورزمان نے ٹائٹل جیت لیا
حسن نواز نے 22 گیندوں پر 27 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ عبدالصمد نے 15 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
عبدالصمد نے اننگز کے 10ویں اوور میں بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان کے خلاف 22 رنز بنائے۔ حسن نواز نے پہلی گیند پر ایک رن لیا، جس کے بعد عبدالصمد نے مستفیض الرحمان کو لانگ آن کے اوپر سے چھکا لگایا اور پھر مسلسل 4 چوکے لگائے۔ 23 رنز کے اس اوور کے بعد پاکستان کو 18 گیندوں پر صرف 13 رنز درکار تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے کپتان صاحبزادہ فرحان کو ایک رن پر کھو دیا تھا، جبکہ معاذ صداقت، صائم ایوب اور عثمان خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 21 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے شامل تھے، جبکہ ڈیبیو کرنے والے معاذ صداقت نے 7 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔
Qualified for the Gold Medal match 🇵🇰✨
Pakistan advance to the #AsianGames final with a six-wicket win over Bangladesh in Japan 🏏#BackTheBoysInGreen | #PAKvBAN pic.twitter.com/D5SrRWWe2V
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 1, 2026
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئے نے 25 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ سیف حسن نے 19 رنز بنائے، تاہم پاکستان کے اسپنرز نے بنگلہ دیش کو بڑی شراکت داری قائم کرنے کا موقع نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز ہاکی: شاندار مقابلے کے باوجود پاکستان بھارت سے سیمی فائنل نہ جیت سکا
سفیان مقیم نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، عرفات منہاس نے 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب نے 2 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی۔
دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 80 رنز بنائے جبکہ 15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے 21 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 9.5 اوورز میں صرف 45 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ابھیشیک شرما نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشین گیمز مینز کرکٹ کا گولڈ میڈل میچ ہفتے کو نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بارش نے ’پرفارم‘ کیا تو پاکستان براہ راست ایشین گیمز کرکٹ فائنل میں پہنچ جائے گا
یاد رہے کہ بارش کے باعث مینز کرکٹ کے کوارٹر فائنلز نہیں ہوسکے تھے، جس کے بعد پاکستان اور بھارت نے بہتر رینکنگ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔














