شمالی کوریا نے ہفتے کے روز اپنے مشرقی ساحل کے قریب سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغ دیا، جس کی تصدیق جنوبی کوریا اور جاپان نے کی ہے۔
یہ رواں سال شمالی کوریا کا 10 سے زائد مرتبہ میزائل تجربات کرنے کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق ہفتے کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے وونسان کے علاقے سے داغے گئے میزائل نے 700 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا نئے میزائل کا تجربہ، دشمن کو ’ناقابلِ علاج دردِ سر‘ دینے کا دعویٰ
جنوبی کوریا اور امریکا میزائل تجربے سے متعلق مزید تفصیلات کا تجزیہ کر رہے ہیں، جبکہ جاپانی حکام نے بحری جہازوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جاپان کے کوسٹ گارڈ نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ داغا گیا میزائل ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل تھا اور بظاہر سمندر میں گر گیا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے مزید میزائل تجربات کے امکان کے پیش نظر نگرانی بڑھا دی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے معلومات امریکا اور جاپان کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔
North Korea fires ballistic missile toward sea, South Korea and Japan say https://t.co/DpEwun7TQ1 https://t.co/DpEwun7TQ1
— Reuters (@Reuters) October 3, 2026
میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
شمالی کوریا رواں سال اب تک 10 سے زائد مواقع پر میزائل تجربات کر چکا ہے۔
پیانگ یانگ بعض مواقع پر ان تجربات کو نئے نوعیت کے ہتھیاروں اور دفاعی نظام کی آزمائش قرار دیتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: شمالی کوریا کے جوہری تجربات کے بعد زیرِ زمین زلزلوں میں اضافہ، تحقیق
ان میں سے بعض تجربات جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف شمالی کوریا کے احتجاج کے بعد کیے گئے۔
حالیہ میزائل تجربہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن اور بااثر رہنما کم یو جونگ نے ایک روز قبل جنوبی کوریا کی جانب سے سرحدی علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے پر معافی مانگنے کے مطالبے کو مسترد کیا تھا۔
جنوبی کوریا نے رواں ہفتے کہا تھا کہ غیر فوجی علاقے میں شمالی کوریا کی بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے سے اس کے 2 فوجی شدید زخمی ہوئے۔
یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان تقریباً 4 کلومیٹر چوڑے انتہائی حساس سرحدی علاقے میں پیش آیا تھا۔














