شمالی کوریا کا نئے میزائل کا تجربہ، دشمن کو ’ناقابلِ علاج دردِ سر‘ دینے کا دعویٰ

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی کوریا نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی پر مبنی نئے ہتھیار کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق تجربے کی نگرانی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کی، جنہوں نے ملک کی جنگی تیاریوں میں پیش رفت کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا جنگی جنون، ایک اور بیلسٹک میزائل فائر کردیا، جنوبی کوریا میں ہلچل

شمالی کوریا کے میزائل انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے تجربے کے حوالے سے کم جونگ اُن نے کہا کہ اس سے ملک کی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں پیش رفت ظاہر ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو اس پیش رفت کی اہمیت کسی وضاحت کے بغیر ہی بہتر طور پر معلوم ہوجائے گی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے نے ہتھیار کی نوعیت واضح نہیں کی، تاہم جاری کی گئی تصاویر میں کم جونگ اُن کو اپنی نوعمر بیٹی کے ہمراہ ایک اسکرین کا جائزہ لیتے دیکھا جاسکتا ہے، جس پر ملک کے مشرقی ساحل کا نقشہ اور ہواسونگ پھو-11-ایم اے-1 کی پرواز کا راستہ دکھایا گیا تھا۔

جنوبی کوریا میں قائم شمالی کوریا سے متعلق امور کی ویب سائٹ این کے نیوز کے مطابق یہ میزائل ممکنہ طور پر ایسے میزائل کا جدید ورژن ہے، جس میں ہائپرسونک گلائیڈ وہیکل نصب کیا گیا ہے۔

ہائپرسونک گلائیڈ وہیکل سے لیس میزائل کا وار ہیڈ پرواز کے دوران سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے اسے میزائل شکن دفاعی نظام سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جوہری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ہائپرسونک میزائل سمیت مختلف جدید ہتھیاروں کی تیاری پر زور دیا ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کو اپنے مشرقی ساحل سے 2 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل بھی فائر کیے تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی کوریا کے جوہری تجربات کے بعد زیرِ زمین زلزلوں میں اضافہ، تحقیق

یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا جب چند روز قبل شمالی کوریا نے امریکا پر جزیرہ نما کوریا میں فوجی مشقوں کے ذریعے کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا تھا۔

دوسری جانب جنوبی کوریا، جاپان اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی، جس میں جزیرہ نما کوریا میں امن، استحکام اور جوہری تخفیف کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp