کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں ایک نہایت متاثر کن اور غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں برین ٹیومر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ایک باپ نے شدید مالی مشکلات اور بیماری کے باوجود ہمت نہیں ہاری، بلکہ اپنے گھر ہی کو بچوں کی تعلیم و تربیت کا مرکز بنا دیا۔
بیمار والد نے اپنے چار بچوں، جن میں 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں، کو کسی مہنگے اسکول یا اکیڈمی بھیجے بغیر گھر ہی پر انگریزی، فرانسیسی، جرمن اور چینی سمیت چار بین الاقوامی زبانوں میں مہارت حاصل کروا دی ہے۔
بچوں کے والد نعیم احمد کا کہنا ہے کہ شدید معاشی تنگ دستی اور بیماری کے باعث بچوں کو مہنگے تعلیمی اداروں میں داخل کروانا ممکن نہیں تھا، جس پر انہوں نے خود ہی بچوں کو جدید اور بین الاقوامی زبانیں سکھانے کا عزم کیا۔ بغیر کسی ٹیوشن یا باقاعدہ اسکولنگ کے بچوں کی متعدد زبانیں روانی سے بولنے کی صلاحیت نے ہر دیکھنے اور سننے والے کو حیران کر دیا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک باپ کی بے لوث محبت اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کا عکاس ہے، بلکہ اس بات کی بھی روشن مثال ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو بیماری اور نامساعد حالات بھی حصولِ علم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنانے کے لیے ان کے والد کی اس غیر معمولی کاوش اور پختہ عزم کو سراہتے ہوئے علاقائی اور سماجی حلقوں کی جانب سے خاندان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔













