خدمات کی برآمدات میں 28.89 فیصد اضافہ، آئی ٹی شعبہ نمایاں

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالی سال 27-2026 کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران پاکستان کی خدمات کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 28.89 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر خدمات کی برآمدات نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:شزا فاطمہ خواجہ کا ہواوے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ، پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی عالمی خدمات کا جائزہ

پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی اور اگست 2026 میں خدمات کی برآمدات ایک ارب 81 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایک ارب 41 کروڑ ڈالر تھیں۔

اگست میں خدمات کی برآمدات 28.97 فیصد اضافے کے ساتھ 873.01 ملین ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال اگست میں یہ 676.91 ملین ڈالر تھیں۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دو ماہ کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی برآمدات 17.36 فیصد اضافے سے 811 ملین ڈالر ہو گئیں، جو گزشتہ سال 691 ملین ڈالر تھیں۔

دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات 38.62 فیصد اضافے کے ساتھ 420 ملین ڈالر رہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ سروسز کی برآمدات 35.87 فیصد بڑھ کر 178 ملین ڈالر ہو گئیں۔

سفر کی خدمات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 146.66 فیصد اضافے کے ساتھ 222 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 90 ملین ڈالر تھیں۔

مزید پڑھیں:شادی کے چند ماہ بعد 23 سالہ آئی ٹی انجینئر کی مبینہ خودکشی

دوسری جانب مالی سال 27-2026 کے ابتدائی 2 ماہ میں خدمات کی درآمدات 9.77 فیصد اضافے کے ساتھ 2.37 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.16 ارب ڈالر تھیں۔ اگست میں خدمات کی درآمدات 2.53 فیصد اضافے کے ساتھ 1.15 ارب ڈالر رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp