شادی کے چند ماہ بعد 23 سالہ آئی ٹی انجینئر کی مبینہ خودکشی

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں 23 سالہ آئی ٹی انجینئر وشنووی پروین جارندے نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، جس کے بعد اس کے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف جہیز کے مطالبے اور خودکشی پر اکسانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق وشنووی کی شادی رواں سال 9 مئی کو اومکار سنجے گھسارے سے ہوئی تھی۔ اس کے والد کی شکایت کے مطابق شادی پر خاندان نے تقریباً 45 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے اور 10 تولے سونا دیا، لیکن اس کے باوجود سسرال کی جانب سے گاڑی خریدنے کے لیے مزید 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیے ’دلہا بکتا ہے بولو خریدوگے‘: بھارت میں جہیز کے نام پر قتل کیوں عام ہیں؟ شرمناک وجوہات

اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اضافی رقم کے مطالبے کے ساتھ وشنووی کو شوہر، ساس اور سسر کی جانب سے مبینہ ذہنی اور جسمانی اذیت بھی برداشت کرنا پڑی۔

شادی کے بعد وشنووی کچھ عرصہ اپنے شوہر اور سسرال والوں کے ساتھ رہی، بعد ازاں ملازمت کے سلسلے میں بنگلورو چلی گئی۔ جون کے آخر میں پونے واپس آنے کے بعد وہ سسرال میں رہتے ہوئے آئی ٹی کمپنی کا کام جاری رکھے ہوئے تھی۔ اہلخانہ کے مطابق اسی دوران شوہر، ساس اور سسر کی جانب سے مبینہ ہراسانی بھی جاری رہی۔

24 ستمبر کی رات معاملہ اس وقت سنگین ہوگیا جب وشنووی نے اپنی والدہ کو فون کیا۔ شکایت کے مطابق اس نے والدہ کو سسرال میں پیش آنے والی مبینہ ہراسانی کے بارے میں بتایا۔ کچھ دیر بعد، تقریباً رات ساڑھے 11 بجے، وشنووی کے شوہر نے بھی اس کے میکے والوں سے رابطہ کیا۔

اس کے بعد اہلخانہ وشنووی سے دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن جب بات نہ ہوسکی تو اس کے والدین پونے روانہ ہوگئے۔ گھر پہنچنے پر انہیں معلوم ہوا کہ وشنووی کی موت ہوچکی ہے۔

مقامی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وشنووی نے گھر کے اندر پھندا لگا کر خودکشی کی، تاہم اس کے اہلخانہ نے موت کے حالات پر سوال اٹھاتے ہوئے سسرال والوں کے خلاف الزامات عائد کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے ’فورچیونر اور 51 لاکھ مانگ رہے تھے‘، جہیز کے مطالبات نے ایک اور جان لے لی

والد کی شکایت پر پولیس نے اومکار سنجے گھسارے اور اس کے والدین کے خلاف جہیز کی روک تھام کے قانون اور خودکشی پر اکسانے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور وشنووی کی موت کے حالات، اہلخانہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات اور دستیاب شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp