غصے میں کھیلا گیا ایک شاٹ ٹینس اسٹار کو بھاری پڑ گیا، لاکھوں ڈالر اور اے ٹی پی فائنلز داؤ پر لگ گئے

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس کے ٹینس اسٹار ڈینیئل میدویدیف چین اوپن کے سیمی فائنل میں نوواک جوکووچ کے خلاف میچ کے دوران ایک تماشائی کو گیند لگنے کے بعد مقابلے سے باہر کردیئے گئے، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان کے ساتھ اے ٹی پی فائنلز میں جگہ بنانے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

بیجنگ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میدویدیف 5-7 اور 3-5 سے پیچھے تھے جبکہ نوواک جوکووچ فائنل میں رسائی کے لیے سروس کررہے تھے۔ اسی دوران جوکووچ کے ایک فورہینڈ وولی ونر کے بعد میدویدیف ریٹرن کھیلنے میں ناکام رہے۔

گیند اشتہاری بورڈ سے ٹکرا کر دوبارہ میدویدیف کی جانب آئی جس پر روسی کھلاڑی نے بیک ہینڈ شاٹ لگایا۔ ان کا یہ شاٹ کورٹ سے باہر اسٹینڈز میں جا پہنچا اور وہاں بیٹھے ایک تماشائی کے چہرے پر لگ گیا۔

واقعے کے فوراً بعد تماشائی نے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا اور اسے طبی امداد کے لیے اسٹینڈز سے باہر لے جایا گیا۔ میدویدیف نے ہاتھ کے اشارے سے معذرت بھی کی تاہم ان کی یہ کوشش انہیں میچ سے نااہلی سے نہ بچا سکی۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپکس سے نااہل بھارتی ریسلر وینیش پھوگاٹ کا کھیلوں کی عالمی عدالت سے رجوع

اے ٹی پی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو میچ سے نااہل قرار دیا جائے تو وہ نہ صرف ٹورنامنٹ کی انعامی رقم بلکہ متعلقہ رینکنگ پوائنٹس اور ہوٹل میں قیام کی سہولت سے بھی محروم ہوسکتا ہے۔

چین اوپن میں سیمی فائنل تک پہنچنے پر میدویدیف کو تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملنا تھی۔ اگر یہ رقم ضبط ہوتی ہے تو یہ اے ٹی پی ٹور پر نااہلی کے نتیجے میں ہونے والے بڑے مالی نقصانات میں شمار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: رضا اللہ کا کرکٹ سے جنون، گھر سے چھپ کے کھیلنے جاتے تھے، بھائی کی وی نیوز سے گفتگو

اس نوعیت کا ایک بڑا واقعہ 2020 کے یو ایس اوپن میں پیش آیا تھا، جب نوواک جوکووچ کو چوتھے راؤنڈ میں ایک لائن جج کو گیند لگنے کے بعد نااہل کردیا گیا تھا۔ اس وقت جوکووچ کو تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم سے محروم ہونا پڑا تھا جبکہ وہ مزید گرینڈ سلیم ٹائٹل اور 30 لاکھ ڈالر کی فاتحانہ انعامی رقم حاصل کرنے کے موقع سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

اے ٹی پی قوانین کے مطابق کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران غصے میں یا خطرناک انداز میں گیند نہیں مار سکتے۔ جان بوجھ کر یا لاپروائی سے گیند کو کورٹ سے باہر مارنا یا اس کے ممکنہ نتائج کو نظرانداز کرتے ہوئے خطرناک انداز میں گیند کھیلنا ضابطے کی خلاف ورزی تصور کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وائڈ بال پر چھکا، مگر امپائر کے فیصلے نے سب کو حیران کردیا

اس بات کا فیصلہ چیئر امپائر اور ٹورنامنٹ سپروائزر کرتے ہیں کہ آیا کسی واقعے پر کھلاڑی کے خلاف کارروائی کی جائے اور اسے مقابلے سے نااہل قرار دیا جائے یا نہیں۔ اے ٹی پی ٹور پر اس طرح کی نااہلی کے واقعات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔ تقریباً 14 برس قبل ڈیوڈ نالبینڈین کو کوئنز کلب کے فائنل میں لائن جج کو لات مارنے پر نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں انہیں 51 ہزار ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

میدویدیف کے لیے مالی نقصان سے بھی زیادہ اہم 200 رینکنگ پوائنٹس سے محرومی ہوسکتی ہے کیونکہ اس کے باعث ان کی اے ٹی پی فائنلز میں شرکت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وائڈ بال پر چھکا، مگر امپائر کے فیصلے نے سب کو حیران کردیا

روس کے 29 سالہ کھلاڑی رواں سال 3,030 پوائنٹس کے ساتھ اے ٹی پی کی سالانہ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ نویں نمبر پر موجود آسٹریلوی کھلاڑی ایلکس ڈی منور 2,700 پوائنٹس کے ساتھ ان کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

چین اوپن کے فائنل میں ڈی منور کی رسائی نے بھی میدویدیف پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اے ٹی پی فائنلز میں سال کے صرف ٹاپ 8 کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع ملتا ہے۔ اے ٹی پی فائنلز میں صرف شرکت اور تین گروپ میچ کھیلنے والے کھلاڑی کو تقریباً 3 لاکھ 31 ہزار ڈالر ملتے ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ جیتنے والے کھلاڑی کی انعامی رقم تقریباً 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

یوں چین اوپن کے سیمی فائنل میں غصے میں کھیلی گئی ایک شاٹ میدویدیف کے لیے صرف ایک میچ کا خاتمہ نہیں بلکہ بھاری مالی نقصان اور سال کے اختتامی ٹورنامنٹ میں شرکت کے امکانات کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp