اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر گفتگو

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی امن و سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کا خیر مقدم

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشتگردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی اور عالمی معاملات زیر بحث آئے۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور جموں و کشمیر تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولتکاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو مؤثر ترین ذرائع قرار دیتے ہوئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ اجلاس: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف سعودی عرب پہنچ گئے

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp