وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہاؤسنگ اسکیم ’اپنی چھت اپنا گھر‘ کو عالمی اعزاز ملنے پر صوبائی وزرا عظمیٰ بخاری اور بلال یاسین نے اسے پنجاب اور پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔
ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت کم آمدن والے خاندانوں کو بلا سود قرضوں کے ذریعے اپنے گھر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کا سکرول آف آنر ایوارڈ ملا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبہ دنیا کے 150 سے زیادہ پراجیکٹس میں نمایاں، مریم نواز نے ایوارڈ وصول کرلیا
انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کے لیے منتخب 5 منصوبوں میں پنجاب کا منصوبہ پہلے نمبر پر آیا، جو صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ منصوبے کا آغاز 2024 میں ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف رکھتی ہیں اور منصوبہ اسی رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ایک سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی ادائیگی 9 سال میں کی جاتی ہے۔
ان کے بقول منصوبہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہے اور اس میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ اربن فورم: مریم نواز نے پنجاب پویلین کا افتتاح کردیا، ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام پر شرکا کو بریفنگ
انہوں نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور کے ’ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر‘ کے وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے منصوبے اور سابق حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے میں بنیادی فرق ماڈل کا ہے؛ پنجاب کے منصوبے میں قرض پر سود صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کو کرنا تھی۔
مزید پڑھیں: ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘، صوبہ بھر میں 17 ہزار 957 گھروں کی تعمیر مکمل
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی ایوارڈ صرف وزیراعلیٰ مریم نواز کا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعزاز ہے۔
ان کے مطابق تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی اور ’اپنی چھت اپنا گھر‘ دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے منصوبوں میں شامل ہے۔
بلال یاسین نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جا چکی ہیں، ایک لاکھ 22 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہنا شروع کر چکے ہیں، جبکہ 278 ارب روپے کی رقم عام آدمی میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔
مزید پڑھیں: ایک کروڑ روپے تک قرض لے کر اپنا گھر بنائیں، وزیراعظم کی ’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق منصوبہ صرف 2 سال کی کم ترین مدت میں اس بڑے پیمانے تک پہنچا۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو دھرنوں یا سیاسی نعروں پر نہیں بلکہ عوامی خدمت کے عملی منصوبوں پر عالمی سطح پر اعزاز مل رہا ہے۔













