اسلام آباد ہائیکورٹ نے ستمبر میں پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ سے متعلق واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں اور وزرائے اعلیٰ کو پابند کیا تھا کہ کسی مارچ، ریلی یا احتجاج کے لیے سرکاری فنڈز، سرکاری اہلکار، سرکاری گاڑیاں، مشینری یا دیگر حکومتی سامان براہِ راست یا بالواسطہ استعمال نہ کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی کے باوجود وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال اور مارچ میں سرکاری گاڑیوں کی موجودگی نے نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لانگ مارچ، کون سے اہم قائدین منظر سے غائب ہیں؟
عدالت نے یہ بھی قرار دیا تھا کہ کسی سرکاری عہدیدار کی ایسی سرگرمی جس کے نتیجے میں شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، آئینی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتی ہے۔
تاہم 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ شروع ہونے کے بعد سرکاری وسائل کے استعمال کا معاملہ ایک بار پھر سامنے آگیا۔
رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے، ہیلی کاپٹر کی آمد اور لینڈنگ کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں، جن میں وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے کارکنوں کو موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی مذاکرات کی آفر اب بھی موجود، پی ٹی آئی پہلے لانگ مارچ ختم کرے، رانا ثنااللہ
وزیراعلیٰ کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وفاقی حکومت کے نمائندوں اور گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے بھی سوالات اٹھائے گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز میں ایسی گاڑیاں بھی دکھائی دے رہی ہیں جن پر سرکاری نمبر پلیٹس نمایاں ہیں۔
ویڈیوز میں نظر آنے والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے ان کے سرکاری گاڑیاں ہونے کا تاثر ملتا ہے، جس کے بعد یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آیا سرکاری مشینری کو سیاسی سرگرمی کے لیے استعمال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا حکومت مخالف احتجاج، علی امین گنڈاپور ہر بار واپس کیوں چلے جاتے ہیں؟
یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ یا کسی سیاسی ریلی کے لیے سرکاری وسائل، سرکاری گاڑیاں، مشینری، سرکاری ملازمین یا عوامی فنڈز براہِ راست یا بالواسطہ استعمال نہیں کیے جا سکتے۔
اس کے باوجود موجودہ لانگ مارچ کے دوران سرکاری نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی ویڈیوز سامنے آنا عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے نافرمانی کا عندیہ دے رہا ہے۔













