پاک بحریہ کے جہاز ’یرموک‘ نے بحیرہ عرب میں پاکستانی ساحل سے دور گہرے سمندر میں 2 کامیاب کارروائیوں کے دوران 96 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر کے عالمی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں پاکستانی ساحل سے دور توسیعی سمندری حدود (ایکسٹینڈڈ رینجز) میں سرانجام دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار
آپریشن کے دوران سمندر میں موجود 2 مشکوک دیسی لانچوں (دھو) کو روک کر تلاشی لی گئی، تو ان کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام ’آئس‘ اور 2000 کلوگرام ’حشیش، کینابس‘ کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔
قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے حوالگی
بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمد کی جانے والی اس منشیات کی تخمینہ قیمت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر ہے۔
پاک بحریہ نے تمام برآمد شدہ منشیات اور دونوں لانچوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جنہیں ضابطے کے مطابق مزید قانونی کارروائی اور بحفاظت تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
سمندری حدود کے تحفظ اور سیکیورٹی کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق کھلے سمندر میں یہ کامیاب آپریشنز پاک بحریہ کی مسلسل موجودگی، چوکسی اور علاقائی سمندری سلامتی کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔
پاکستان کی بحری حدود اور خطے کے سمندری راستوں کو غیر قانونی ترسیل اور انسدادِ منشیات کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ اپنا بھرپور اور موثر کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔














