مولانا فضل الرحمان بھائیوں کی طرح ہیں، حکومت میں آکر بھولنے کی بات درست نہیں، اسپیکر ایاز صادق

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ امید پر دنیا قائم ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ نیک نیت انسانوں کے لیے راستے بناتے ہیں، پاکستان کے لیے بہتری کی امید ہے اور انشااللہ بہتری کے لیے راستے بنیں گے۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہاکہ وہ مولانا فضل الرحمان کو عمرے کی مبارکباد دینے آئے تھے۔ ’مولانا فضل الرحمان بھائیوں کی طرح ہیں، حکومت میں آکر انہیں بھولنے کی بات درست نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی بات ہوئی تھی، جب وہ تنظیم سازی اور جلسوں کے لیے سکھر گئے ہوئے تھے۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہاکہ ان کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہو، تاہم ملاقات نہیں ہو سکی تھی، اسی لیے وہ عمرے کی مبارکباد دینے آئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسپیکر ایاز صادق نے کہاکہ وہ مفاہمتی کوششوں کے حوالے سے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو تین سال میں بہتری کے راستے بنتے دیکھے ہیں اور انشااللہ اب بھی بہتری کے لیے راستے بنیں گے۔

سردار ایاز صادق نے کہاکہ کچھ مذاکرات وغیرہ چل رہے ہیں، بیک ڈور پر بھی کوئی بات ہوتی ہے، فون پر بھی بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے جو ساتھی ہیں، ان کے ساتھ بات ہوتی رہتی ہے اور ان کی سلامتی و رہنمائی کے لیے دعا ہے کہ اللہ کرے جو پاکستان کے لیے بہتر ہو، وہی ہو۔

ایک سوال پر کہ حکومت بنانے میں مولانا فضل الرحمان کا اہم کردار تھا لیکن ن لیگ حکومت میں آنے کے بعد مولانا کو بھول گئی، اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بھائیوں کی طرح ہیں، حکومت میں آکر بھولنے کی بات درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ صرف حکومت کی بات کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان میرے بھائی ہیں، ان کے صاحبزادے میرے کولیگ بھی رہے ہیں، میرے بھتیجے بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp