بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی پاکستان پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ‘پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن’ کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی کی اسلام آباد آمد پر اقتصادی امور ڈویژن (ای ای اے ڈی) کے سیکریٹری ’محمد ہمیر کریم‘ اور اضافی سیکریٹری (مڈل ایسٹ) ’زاہد حسین‘ نے ہوائی اڈے پر ان کا پرجوش استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:دفاعی تعاون کے بعد پاک سعودی اقتصادی و زرعی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق، ٹیکنالوجی، پانی اور زرعی تجارت میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قائم قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ وابستگی کی نشاندہی کرتا ہے۔

مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس اور مذاکرات کا ایجنڈا

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اپنے 2 روزہ قیام کے دوران بحرینی وزیر خارجہ اور ان کے پاکستانی ہم منصب، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ’اسحاق ڈار‘ ‘پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن’ (جے ایم سی) کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

اجلاس کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سیکیورٹی، محنت و افرادی قوت اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

علاقائی و عالمی امور اور کثیر الجہتی تعاون

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر باہمی تعاون پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور دیرینہ عوامی روابط پر استوار ہیں۔

مزید پڑھیں:باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملے میں 3 پاکستانی شہید ہوئے، دفتر خارجہ

دونوں ممالک تمام شعبوں میں باقاعدہ اعلیٰ سطحی رابطے اور قریبی تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں، اور بحرینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کی پیش رفت اور باہمی مفاد کے روابط کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پاک بحرین دفاعی و اعلیٰ سطح کے رابطے

بحرینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل ’شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ‘ کے دورہ پاکستان کے چند ماہ بعد ہو رہا ہے۔

جون میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران جنرل ’شیخ محمد بن عیسیٰ‘ نے پاک فوج اور مسلح افواج کے تینوں سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران بحرینی کمانڈر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو سراہا تھا اور تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات میں مزید تعاون کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp