نانا پاٹیکر کی اچانک موت، غمزدہ ساتھی فنکاروں کا خراج عقیدت

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی اداکار اور فلم ساز نانا پاٹیکر کی اچانک موت کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی اور متعدد معروف فنکاروں نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اداکار رجنی کانت نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ ان کے عزیز دوست نانا جی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

یہ بھی پڑھیں:  لیجنڈری بھارتی اداکار نانا پاٹیکر چل بسے

انہوں نے نانا پاٹیکر کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔

پاریش راول نے نانا پاٹیکر کو ’بھاؤ‘ اور ’نانا صاحب‘ قرار دیتے ہوئے انہیں انتہائی دیانت دار اور منفرد شخصیت کا مالک اداکار قرار دیا۔ ’ان کے لیے محبت اور احترام ہمیشہ قائم رہے گا۔‘

اداکار منوج باجپائی نے نانا پاٹیکر کے انتقال کو اپنے لیے اور بھارتی فلمی دنیا کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی آکر فلموں میں جگہ بنانے کی خواہش رکھنے والے بہت سے فنکاروں کے لیے نانا پاٹیکر کا سفر امید کا ذریعہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ نانا پاٹیکر نے ثابت کیا کہ اپنی فنکارانہ صلاحیت، انفرادیت اور اپنی اصل شخصیت سے جڑے رہ کر بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اکشے کمار نے نانا پاٹیکر کو بھارتی سینما کے ان نایاب اداکاروں میں شمار کیا جنہیں اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے غیر معمولی اداکاری کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔

انہوں نے نانا پاٹیکر کی آواز، شدت اور ہر کردار میں حقیقت پسندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ’ویلکم‘ اور حالیہ فلم ’ہاؤس فل 5‘ میں نانا پاٹیکر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جس کی یادیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی۔

رتیش دیش مکھ نے نانا پاٹیکر کو بے مثال اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہیرو، ولن اور کامیڈی سمیت ہر طرح کے کردار میں اپنی الگ شناخت قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

انہوں نے نانا پاٹیکر کی فلاحی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ پردۂ اسکرین کے باہر بھی لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرتے رہے۔

اداکار روی کشن نے کہا کہ نانا پاٹیکر شہرت کی چکاچوند سے دور، سادگی، فطری انداز اور اپنی جڑوں سے جڑے رہنے کے باعث منفرد مقام رکھتے تھے۔

مزید پڑھیں: موت سے قبل نانا پاٹیکر نے دوست کو کیا پیغام بھیجا؟ ڈاکٹر نے اداکار کے آخری لمحات کی تفصیلات بتا دیں

انہوں نے نانا پاٹیکر کے ساتھ اپنے قریبی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے اداکاری، سادگی اور زندگی کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔

پرکاش راج نے بھی نانا پاٹیکر کے ساتھ گزارے لمحات، گفتگو، اختلافات اور ان کی میزبانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی زندگی کا حصہ بننے پر ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے نانا پاٹیکر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بظاہر بالکل صحت مند اور فٹ نظر آتے تھے، اس لیے ان کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور اچانک ہے۔

ہدایت کار رام گوپال ورما نے کہا کہ اگرچہ ہر شخص جانتا ہے کہ کوئی بھی ہمیشہ زندہ نہیں رہتا، لیکن نانا پاٹیکر جیسے مضبوط انسان کے اچانک انتقال پر یقین کرنا اب بھی مشکل ہے۔

سنیل شیٹھی نے نانا پاٹیکر کو بے خوف، بااصول اور اپنی ذات میں منفرد شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینما اب ان کے بغیر پہلے جیسا نہیں رہے گا، جبکہ رویشینا ٹنڈن نے نانا پاٹیکر کو بہادر، مضبوط اور فراخ دل انسان قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر نے اپنے پیچھے صرف یادیں نہیں بلکہ اپنی شخصیت اور فن کا گہرا نقش چھوڑا ہے۔

ارمیلا ماتونڈکر نے نانا پاٹیکر کے انتقال پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مراٹھی تھیٹر کا عظیم سرپرست اور ایک بہترین انسان قرار دیا۔

جونیئر این ٹی آر اور کوریوگرافر پربھو دیوا سمیت دیگر فنکاروں نے بھی ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نانا پاٹیکر کا فنی سفر

یکم جنوری 1951 کو ریاست مہاراشٹرا میں پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے اپنی منفرد اداکاری، بھرپور مکالمہ ادائیگی اور پیچیدہ و غیر روایتی کرداروں کی وجہ سے بھارتی سینما میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہیں 3 مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 2013 میں انہیں سینما اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں بھارت کا باوقار پدم شری اعزاز بھی دیا گیا۔

نانا پاٹیکر کو آخری بار عوامی سطح پر اپنی وفات سے صرف 4 روز قبل گوا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے سمراٹ کلب انٹرنیشنل کی تقریب میں خطاب کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp