پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے، لیگ کا میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا جبکہ تمام 8 فرنچائزز ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک بار پھر میدان میں اتریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 8 ٹیموں پر مشتمل فارمیٹ مسلسل دوسری مرتبہ برقرار رکھا گیا ہے۔
پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کو حتمی شکل یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے نتیجے میں دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: داسن شناکا پی ایس ایل سے معطل ہونے والے تیسرے غیرملکی کھلاڑی، پی سی بی نے معذرت قبول نہ کی
اجلاس میں پی ایس ایل کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی۔
پی ایس ایل کا گزشتہ ایڈیشن کئی حوالوں سے اہم رہا، جس میں پہلی مرتبہ 8 ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ پلیئرز ڈرافٹ کی جگہ پہلی بار پلیئر آکشن کا انعقاد کیا گیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں ریکارڈ 32 ہزار 461 شائقین نے شرکت کی۔
HBL PSL 12 Window confirmed: Eight Teams, One Champion – The Countdown Begins
Details here ➡️ https://t.co/2BIPEELZPw#HBLPSL pic.twitter.com/3BUCBpWX5R
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 8, 2026
پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے ڈیبیو کرنے والی حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے 9 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ پی ایس ایل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے لیے آئندہ اہم مراحل میں ڈائریکٹ سائننگز، کھلاڑیوں کی ریٹینشن، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن شامل ہوں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے شاندار مقابلوں، ریکارڈ شائقین اور ریکارڈ براڈکاسٹ کے ذریعے لیگ کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
مزید پڑھیں: وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر، ملتان سلطانز سے متعلق بھی اہم اعلان
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 12 اس معیار کو مزید بلند کرے گا اور پی سی بی ایک اور شاندار سیزن کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ گزشتہ سیزن نے لیگ سے وابستہ توقعات کو تبدیل کردیا ہے اور منتظمین 2027 میں ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، جبکہ ڈائریکٹ سائننگز، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن آنے والے مہینوں میں شائقین کے لیے مزید دلچسپی کا باعث بنیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی فرنچائزز نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا
سلمان نصیر کے مطابق 8 ٹیمیں، 8 اسکواڈز اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کروڑوں شائقین اگلے ایڈیشن کا انتظار کررہے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کے مکمل شیڈول، وینیوز، پلیئر آکشن اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔














