ایپل کا فولڈیبل آئی فون خریدنا پیسوں کا ضیاع ہے، سی ای او فون کمپنی نتھنگ

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نتھنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کارل پی نے ایپل کے پہلے فولڈیبل فون ‘آئی فون ڈی‘  کی قیمت اور فیچرز پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کی خریداری کو پیسوں کا ضیاع قرار دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ایپل آئی فون ایئر 2 بڑا سرپرائز دینے جارہا ہے؟ لانچ اور نئے فیچرز سے متعلق اہم تفصیلات

کارل پی کی سب سے بڑی تنقید اس بات پر ہے کہ 1,999 ڈالر (تقریباً 5.5 لاکھ پاکستانی روپے) ابتدائی قیمت والے اس فون میں ایپل نے اپنا بنیادی فیچر فیس آئی ڈی ہی شامل نہیں کیا۔

فیس آئی ڈی کی عدم موجودگی اور متبادل

ایپل نے آئی فون ڈیو میں فیس آئی ڈی کی بجائے سائیڈ پاور بٹن میں ٹچ آئی ڈی دیا ہے جبکہ اسے ایپل واچ کے ذریعے بھی ان لاک کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ ایپل نے باقاعدہ طور پر اس کی حتمی وجہ بیان نہیں کی تاہم ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ فون کی بناوٹ (ہینڈسیٹ ڈیوائس کا دوہری اسکرین کے ساتھ کھلنا) ہے۔

چونکہ فون کتاب کی طرح کھلتا ہے اس لیے 2 اسکرینوں کی وجہ سے 2 الگ سینسرز کی ضرورت پڑتی جب کہ سائیڈ بٹن پر ٹچ آئی ڈی دینے سے فون بند ہو یا کھلا، دونوں صورتوں میں اسے ان لاک کرنا آسان رہتا ہے۔

مزید پڑھیے: آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری، آئی او ایس 26 کے پوشیدہ فیچرز سامنے آگئے

کارل پی کا کہنا ہے کہ یہ دلائل اتنی بھاری قیمت کا جواز نہیں بن سکتے۔ ان کے مطابق ‘آئی فون 18 پرو’ کی قیمت 1,199 ڈالر سے شروع ہوتی ہے اور اس میں یہ خامی بھی موجود نہیں ہے۔

کیمرے اور قیمت کا موازنہ

کارل پی کے مطابق آئی فون ڈیو میں کیمرے کے حوالے سے بھی کٹوتیاں کی گئی ہیں۔

کیمرے کے محدود فیچرز: آئی فون ڈیو کے عقب میں صرف دو کیمرے (وائیڈ اور الٹرا وائیڈ) دیے گئے ہیں۔ اس میں ٹیلی فوٹو کیمرہ یا آئی فون 18 پرو جیسا ویری ایبل اپرچر فیچر شامل نہیں ہے۔

قیمت کا بڑا فرق: یہ فون ‘آئی فون 18 پرو میکس’ کے مقابلے میں 700 ڈالر زیادہ مہنگا ہے۔ جبکہ مقابلے میں سام سنگ کے ‘گیلیکسی زی فولڈ 8’  کی ابتدائی قیمت 1,899 ڈالر ہے۔

ہارڈویئر اور مارکیٹ کا ردعمل

اگرچہ آئی فون ڈیو میں 7.6 انچ کی اندرونی ڈسپلے، 5.4 انچ کی بیرونی اسکرین اور جدید اے 720 پرو پروسیسر جیسے ہارڈویئر دیے گئے ہیں، تاہم ‘میک بریک ویکلی’ کے مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایپل کے مستقبل کی ایک دلچسپ جھلک ضرور ہے لیکن عام صارفین کے لیے فی الحال ایک مناسب اپ گریڈ نہیں ہے۔

معروف ٹیک صحافی مارک گرمن کے مطابق ایپل کی کوشش ہے کہ آنے والے فولڈیبل فونز میں فیس آئی ڈی اور ٹیلی فوٹو لینس شامل کیے جائیں تاہم یہ فیچرز ممکنہ طور پر آئی فون ڈیو کی تیسری جنریشن میں ہی دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید پڑھیں: آئی فون کی فروخت نے تاریخ کی بلند ترین سطح حاصل کر لی

واضح رہے کہ ایپل کے اس فولڈیبل فون کی پری آرڈرز جمعہ 16 اکتوبر سے شروع ہو رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں یہ 23 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp