روسی وزیر داخلہ کا اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ، پاکستانی پرچم کو بوسہ بھی دیا

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پولیس نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں روسی وزیر داخلہ نے پولیس کی شاندار پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر خصوصی دستوں نے انہیں سلامی پیش کی، جبکہ پاکستان اور روس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: روس پاکستان کے ساتھ دوستی کے نئے اُفق کی تلاش میں ہے، ویلنٹینا مٹوینکو کا سینیٹ سے تاریخی خطاب

تقریب کے دوران روسی وزیر داخلہ کو پاکستانی پرچم پیش کیا گیا، جسے انہوں نے احتراماً بوسہ دیا۔

ولادیمیر کولاکولتسیف نے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (ڈی آئی جیز) اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں روسی وزیر داخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

مزید پڑھیں: کسی بھی روسی وزیرخارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ: ولادیمیر کولاکولتسیف اسلام آباد پہنچ گئے

ولادیمیر کولاکولتسیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھا کر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے شکرپڑیاں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کے دلکش مناظر بھی دیکھے اور شہر کے قدرتی حسن و خوبصورتی کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp