جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کمیشن کے رکن و معروف قانون دان احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان کو کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست موصول ہوئی تھی، جس پر چیف جسٹس نے کمیشن کے رکن احسن بھون کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ کی ایک سال کے لیے توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بطور ممبر جوڈیشل کمیشن پہلی بار شرکت کی جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بھی بطور ممبر شریک ہوئے۔
اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آیا، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ کی ایک سال کے لیے توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔














