برازیلی مسلح افواج کے سربراہ کی پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے نے پاکستان کے دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں بحری سلامتی، دفاعی تعاون اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: برازیلی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا جی ایچ کیو کا دورہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیل کے اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے نے کی۔ وفد نے 13 اکتوبر کو نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی بحری سلامتی اور پیشہ ورانہ تربیت، دوروں کے تبادلے اور مشترکہ مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

برازیلی وفد کے سربراہ نے پاک بحریہ کے علاقائی بحری سلامتی گشت کے اقدام کو سراہتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے اس کی خدمات کی تعریف کی۔

ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جدید کاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا، انہوں نے حرکیاتی، خلائی، سائبر، مصنوعی ذہانت اور برقی جنگی صلاحیتوں کو یکجا کرنے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ٹیکنالوجی میں ترقی اور خود انحصاری پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان برکس کا حصہ بن کر عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،برازیل

آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کو سراہا۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے پیشہ ورانہ تبادلوں، ادارہ جاتی تعاون اور دوطرفہ دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp