بجلی، ریلوے اور موسمیاتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت، پاکستان اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک میں اہم مذاکرات

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زو جیائی سے ملاقات کی، جس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مالی معاونت، معاشی استحکام، توانائی اور ریلوے کے اہم منصوبوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری اور ریلوے کی جدیدکاری کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔

اس موقع پر ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی کی ترسیل کے ایک منصوبے کی منظوری دینے کے ہدف پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں شخصیات نے پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے کراچی سے روہڑی تک کے سیکشن کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مشترکہ مالی معاونت اور منصوبے کے دیگر حصوں کے لیے متوازی فنانسنگ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں کثیر سالہ قرضہ جاتی پروگرام، ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق دباؤ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بجٹ معاونت اور موسمیاتی ترجیحات پر مبنی پالیسی فنانسنگ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے پانڈا بانڈ کے لیے ضمانت کی فراہمی میں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے ملاقات کے دوران مالی معاونت کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے، قرضوں کی مدت میں توسیع اور قرضوں کی ری فنانسنگ سے متعلق خطرات کم کرنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے مستقبل میں کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرنے کے لیے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی آمادگی کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے حوالے سے تکنیکی تعاون کے امکانات کو بھی سراہا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp