مشہور افسانوی کردار ’ونی دی پوہ‘ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک حقیقی ریچھ لائبریری جا پہنچا اور وہاں سے شہد کے جار سمیت کھانے پینے کی کئی چیزیں لے کر چلتا بنا۔
خبر رساں ادارے یو پی آئی کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے میمتھ لیکس کی لائبریری میں پیش آیا۔ مونو کاؤنٹی فری لائبریریز نے سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی مہمان کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
🇺🇸 Un oso se metió en la biblioteca de Mammoth Lakes, California, antes de que abriera. Bromearon con que buscaba "Winnie the Pooh", que cumple 100 años; se fue solo antes de que llegara el personal, según CBS News
— Global Network News 🌎 (@GlobalNetw33) October 15, 2026
لائبریری انتظامیہ کے مطابق اندر داخل ہوتے ہی ریچھ سیدھا عملے کے لیے رکھے گئے کھانے کی طرف گیا۔ اس نے مونگ پھلی کے مکھن، آڑو کے کپ، چند بسکٹ اور سب سے بڑھ کر شہد کا ایک جار اٹھایا اور خوب ہاتھ صاف کیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ریچھ نے کچھ دیر لائبریری کی الماریوں کا بھی جائزہ لیا اور پھر خود ہی وہاں سے نکل گیا۔ انتظامیہ کے مطابق اس دوران نہ کوئی کتاب خراب ہوئی، نہ کوئی الماری گری اور نہ ہی لائبریری کو کسی نقصان کی اطلاع ملی۔ البتہ شہد کا جار اپنی جگہ واپس نہیں پہنچ سکا۔
یہ واقعہ ایسے دن پیش آیا جب بچوں کے مقبول کردار ’ونی دی پوہ‘ کی پہلی کہانی کی اشاعت کو 100 سال مکمل ہوئے۔ مصنف اے اے ملن کا تخلیق کردہ یہ کردار شہد کھانے کی عادت کے لیے مشہور ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سائبیریا میں ریچھوں کے حملے کیوں بڑھ گئے؟ ستمبر میں 16 افراد ہلاک
یوں سالگرہ کے دن ایک حقیقی ریچھ نے بھی شہد کے معاملے میں ’ونی دی پوہ‘ سے اپنی مشابہت ثابت کردی، اگرچہ اس بار کہانی کی کتابوں کے بجائے لائبریری میں خود ریچھ ہی مہمان بن کر آ گیا۔














