معروف ٹیک کمپنی یوٹیوب نے اپنے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’یوٹیوب میوزک‘ پر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ یا تبدیل شدہ گانوں اور موسیقی کی واضح نشاندہی کے لیے نئے لیبلز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
یہ نئے لیبلز براہِ راست ایپ کے میوزک پلیئر انٹرفیس کا حصہ بنائے گئے ہیں، جو گانے اور گلوکار (آرٹسٹ) کے نام کے نیچے اور پلے کنٹرولز کے بالکل اوپر نظر آئیں گے۔ جیسے ہی کوئی صارف اس لیبل پر کلک کرے گا، اس کی اسکرین پر ایک پاپ اپ الرٹ ظاہر ہوگا جس پر درج ہوگا:
‘Made with AI. This audio was altered or fully generated using AI’
(یہ آڈیو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے یا اس میں ترمیم کی گئی ہے)۔
جدید اے آئی ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی کا استعمال
یوٹیوب میوزک اس شناختی عمل کے لیے اپنی ملکیتی ‘خودکار اے آئی ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی’ کا استعمال کرے گا۔ اس کے علاوہ یوٹیوب اپنے میوزک پارٹنرز اور ریکارڈ لیبلز کے ساتھ مل کر بھی ان گانوں کی نشان دہی کرے گا جن کی دھنیں، موسیقی یا آوازیں (ووکلز) جنریٹو اے آئی ماڈلز کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہیں۔ یہ یکساں انتباہی لیبلز یوٹیوب کی مرکزی ویڈیو ایپ پر بھی ظاہر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے یوٹیوب میوزک اب گانوں کو خود بخود ڈاؤن لوڈ کرے گا
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے طے شدہ اصولوں پر سختی سے عمل پیرا رہے گی۔ تاہم، اگر نظام کی غلطی سے کسی اصل فنکار کا گانا غلطی سے ‘اے آئی تیار کردہ’ کے طور پر نشان زد ہو جائے، تو آرٹسٹس کو اس کی اصلاح اور اپ ڈیٹ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جبکہ مخصوص کیسز میں یہ انکشافی لیبل مستقل رہے گا۔
بیک گراؤنڈ اور انڈسٹری میں مقابل پلیٹ فارمز
یاد رہے کہ یوٹیوب نے 2024ء میں اپنے ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر جنریٹو اے آئی ٹولز سے بنائی گئی ویڈیوز کے لیے ڈسکلوزر پالیسی متعارف کروائی تھی، جس میں ابتدا میں تخلیق کاروں (کریئیٹرز) کو خود بتانا ہوتا تھا۔ بعد ازاں، مئی میں کمپنی نے اپنا ‘خودکار اے آئی ڈیٹیکشن ٹول’ لانچ کیا جو کریئیٹرز کے بتائے بغیر بھی مواد کی نشاندہی کر لیتا ہے، بشمول ‘Veo’ اور ‘Dream Screen’ یا C2PA میٹا ڈیٹا کا حامل مواد۔
یہ بھی پڑھیے یوٹیوب نے نیا زبردست فیچر متعارف کروا دیا
میوزک انڈسٹری میں اے آئی مواد پر الرٹ لگانے والا یوٹیوب میوزک پہلا پلیٹ فارم نہیں ہے۔ اس سے قبل اگست میں معروف آڈیو اسٹریمنگ ایپ اسپاٹیفائی نے بھی ایسے آرٹسٹ پروفائلز کے لیے ‘Likely AI Persona’ اور ‘AI Persona’ کے بیجز اور لیبلز کا سلسلہ شروع کیا تھا جو مکمل طور پر اے آئی کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔













