افغان طالبان کی تائیدہ سیکٹر پر فائرنگ، پاک فوج کی منہ توڑ جوائی کارروائی، دشمن کا شیپولا بیس کیمپ تباہ، متعدد اہلکار ہلاک

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے اپر کرم کے تائیدہ سیکٹر اور غوز گڑھی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج اور غیر ملکی دہشتگردوں کو بارڈر پار کرانے کے لیے کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر کرم کے تائیدہ سیکٹر اور اورغوز گڑھی سرحد پر پاک فوج کی اس بھرپور جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ان کا شیپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے اورغوز گڑھی کے تائیدہ سیکٹر میں افغان طالبان نے غیر ملکی دہشتگردوں کو پاکستانی سرحد میں داخل کرانے اور انہیں بارڈر کراسنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بلااشتعال فائرنگ شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

اس اچانک اور بلااشتعال حملے کا مقصد فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے لیے راستہ ہموار کرنا تھا، جس کا سرحد پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور دندان شکن جواب دیا۔

پاک فوج کی تباہ کن جوابی کارروائی

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی ٹاپسر پوسٹ اور شیپولا بیس کیمپ پر انتہائی مؤثر اور بھرپور جوابی حملہ کیا ہے۔

پاک فوج کی اس شدید اور بااثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان رجیم کا شیپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جبکہ افغان طالبان کے متعدد اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی شدید اور حتمی جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان خوفزدہ ہو کر اپنی بارڈر پوسٹ خالی کر کے فرار ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا: میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 خارجی ہلاک، وزیراعظم کا خراجِ تحسین

سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے اور پاک فوج نے سرحدی صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔

قومی سلامتی اور سرحدی دفاع کا عزم

سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر وقت مکمل طور پر بیدار، تیار اور پرعزم ہے۔

ملک کی بین الاقوامی سرحدوں پر کسی بھی قسم کی دراندازی، دہشتگردی یا بلااشتعال جارحیت کا اسی طرح کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp