سابق امریکی آرمی سنائیپر نک بیٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایریا 51 کے قریب ایک خفیہ فوجی آپریشن کے دوران امریکی فوجیوں نے 3 ریپٹیلیئن (ایلیئنز ) مخلوقات کو ہلاک کیا ہے۔
نک بیٹس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس پراسرار جھڑپ میں ایک امریکی فوجی بھی ہلاک ہوا تھا جس کی موت کو باضابطہ طور پر ایک تربیتی حادثہ ظاہر کر کے چھپایا گیا۔
سابق امریکی آرمی سنائیپر نک بیٹس نے ایک ’لبرٹی رسک‘ نامی پوڈ کاسٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے ایریا 51 کے قریب ایک خفیہ فوجی آپریشن کے دوران 3 ریپٹیلین جیسی دکھنے والی مخلوقات کے خلاف جنگ لڑی اور انہیں ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:’ نازکا ایلیئن ممیاں ‘ حقیقی ہیں، کیا ڈی این اے کے ذریعے ثبوت مل گئے؟
اس ہلاکت خیز تصادم میں ایک امریکی فوجی جوان کی جان بھی چلی گئی۔ نک بیٹس، جنہوں نے عراق اور افغانستان میں خدمات انجام دی ہیں، نے بتایا کہ انہوں نے یہ واقعہ فوج کی ایلیٹ جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے ایک رکن سے بھی سنا جب وہ پولینڈ میں ایک ساتھ بیٹھے شراب نوشی کر رہے تھے۔
زیر زمین سرنگ میں پراسرار مشن
نک بیٹس وہاں یوکرین جنگ پر ایک دستاویزی فلم بنانے گئے تھے، نام ظاہر نہ کرنے والے اس فوجی اہلکار نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی یونٹ کو فورٹ براگ سے فوری طور پر ایریا 51 روانہ کیا گیا تھا۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب زیر زمین انسٹالیشن پر تعینات عملے نے ریڈیو کے روزمرہ کے معمول کے چیکس کا جواب دینا بند کر دیا تھا۔ تحقیقات کے لیے بھیجی گئی ریسکیو ٹیم بھی مبینہ طور پر غائب ہو گئی تھی۔
مقام پر پہنچنے پر فوجیوں کو مبینہ طور پر غیر مانوس انرجی ویپنز فراہم کیے گئے اور پھر انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک زیر زمین سرنگ میں منتقل کیا گیا۔
ایلیئنز کے ساتھ خونی تصادم اور ایک فوجی کی ہلاکت
نک بیٹس نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کا سامنا ایک ایسی مخلوق سے ہوا جو دو ٹانگوں پر چلتی تھی، دیکھنے میں ریپٹیلین لگتی تھی اور اس کے پاس بھی اسی قسم کا ایک ہتھیار تھا۔
مبینہ طور پر اس مخلوق نے فائرنگ کر دی جس سے ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا، جبکہ باقی ماندہ فوجیوں نے جوابی فائرنگ کر کے تینوں ایلیئنز نما اس مخلوق کو ہلاک کر دیا۔
مزید پڑھیں:ایلینز کی تلاش میں انسان کا سب سے بڑا قدم، دنیا کی طاقتور ترین دوربین کی تیاری جاری
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس فوجی کی موت کو چھپایا گیا اور سرکاری ریکارڈ میں اسے ایک تربیتی مشق کے دوران حادثہ میں ہلاک ہونے کے طور پر درج کر لیا گیا۔
خوف و ہراس اور شواہد کا فقدان
نک بیٹس کے مطابق انہوں نے شروع میں اس کہانی پر سوال اٹھایا تھا لیکن اس وقت شدید تشویش میں مبتلا ہو گئے جب ایک اور فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر ان کی گردن دبوچ لی اور اس بارے میں بات کرنے کے خلاف سخت وارننگ دی۔
تاہم ان انتہائی حیرت انگیز دعوؤں کی تائید کے لیے کوئی بھی فوجی ریکارڈ، تصاویر یا آزادانہ شواہد سامنے نہیں آ سکے ہیں۔ نیواڈا میں واقع ایریا 51 طویل عرصے سے ایلیئنز کی کہانیوں کا مرکز رہا ہے۔











