ہر وقت فون پر دستیاب رہنا ضروری نہیں، وسیم اکرم کا 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشورہ

اتوار 18 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو موبائل فون اور سوشل میڈیا کے استعمال میں کمی لانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی میں اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے اور صحت مند طرزِ زندگی کو ترجیح دینی چاہیے۔

وسیم اکرم نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اپنی عمر کے افراد کے لیے موبائل فون، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق چند تجاویز پیش کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کے استعمال میں صرف تھوڑی سی کمی بھی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’یہ ٹیلنٹ تو پہلے کبھی نہیں دیکھا‘، وسیم اکرم نے فخر عالم کی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی

سابق کپتان نے لوگوں کو روزانہ غیر ضروری پیغامات اور مختلف ویڈیوز دوسروں کو بھیجنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔

ان کے مطابق بار بار غیر ضروری مواد شیئر کرنا دوسروں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے، موبائل فون کی اسٹوریج بھی استعمال کرتا ہے اور وصول کنندگان کو ایسے پیغامات دیکھنے پر مجبور کرتا ہے جن میں شاید ان کی دلچسپی نہ ہو۔

وسیم اکرم نے بالخصوص ’گڈ مارننگ‘ جیسے غیر ضروری پیغامات اور طویل ویڈیوز آگے بھیجنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی توجہ برقرار رکھنے کی صلاحیت کم ہو رہی ہے، اس لیے طویل ویڈیوز بھیجنے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص آدھے گھنٹے کی ویڈیو دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتا، چاہے اس میں کتنی ہی اہم معلومات کیوں نہ ہوں۔

ان کے بقول، 2 منٹ سے زیادہ دورانیے کی ویڈیوز بھیجنے سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم اور شنیرا کی محبت، ازدواجی زندگی اور کرکٹ پر کھل کر گفتگو

سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ نئی نسل، خصوصاً جنریشن زی اور جنریشن الفا، ڈیجیٹل دور میں پروان چڑھی ہے، اس لیے ان کے لیے ہر وقت موبائل فون استعمال کرنا معمول کی بات ہو سکتی ہے۔

تاہم، بڑی عمر کے افراد کو ہر وقت فون پر دستیاب رہنے کی ضرورت محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

وسیم اکرم نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی موبائل فون پر ریلز شیئر کرنے اور پیغامات کے جوابات دینے میں وقت صرف کرتے تھے، تاہم وہ اس استعمال کو ایک حد میں رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔

دوسری جانب وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ شنیرا اکرم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ 50 سال سے کم عمر افراد پیغامات بھیجنا جاری رکھ سکتے ہیں۔

وسیم اکرم کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب موبائل فون اور سوشل میڈیا روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں اور ان کے استعمال میں توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp