مارچ 2025 سے وزارت صحت میں 9ویں سیکریٹری کی تعیناتی

منگل 20 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر مومن آغا کو سیکریٹری ہیلتھ مقرر کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مارچ 2025 سے اب تک اس عہدے پر تعینات ہونے والے وہ 9ویں افسر ہیں۔

آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مومن آغا کا فوری طور پر تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سیکریٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزارت صحت میں انتظامی بحران، 18 ماہ میں 7ویں سیکریٹری کا تقرر

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مومن آغا تاحکمِ ثانی اس عہدے پر کام کریں گے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے مومن آغا کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزارت میں تقریباً 9 سے 10 سیکریٹری تبدیل ہو چکے ہیں۔

یہ صورت حال اس عرصے کے دوران اعلیٰ انتظامی عہدے پر مسلسل تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے۔

مومن آغا نے ندیم محبوب کی جگہ لی ہے، جنہیں 16 اکتوبر کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کے عہدے کے ساتھ وزارت صحت کا اضافی چارج 3 ماہ کے لیے یا مستقل تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، دیا گیا تھا۔

تاہم، تازہ نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل وہ صرف 3 روز اس اضافی ذمہ داری پر فائز رہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کیے جانے سے قبل مومن آغا سیکریٹری پیٹرولیم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جنوری 2026 میں انہیں اس عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: اسلم غوری سیکریٹری صحت کے عہدے سے فارغ، محمد محمود کو اضافی چارج مل گیا

سیکریٹری صحت وفاقی سطح پر صحت سے متعلق پالیسی سازی اور انتظامی امور کے ذمہ دار ہوتے ہیں، ان کی ذمہ داریوں میں صحت کے شعبے کی نگرانی، قومی صحت پروگراموں پر عمل درآمد اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری شامل ہے۔

نوٹیفکیشن میں مومن آغا کی تعیناتی کو مستقل قرار دینے یا اس کی کوئی مقررہ مدت بیان کرنے کے بجائے واضح کیا گیا ہے کہ وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp