نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ملک گیر احتجاج کی کال بروقت اقدام ہے، اسلام آباد سپر لانگ مارچ کا تیسرا مرحلہ 23 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمعہ 23 اکتوبر کو ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔ رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال نے تجویز دی تھی کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات سے پہلے دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کے نمائندے مل بیٹھیں اور مذاکرات کی سفارشات کو حتمی شکل دیں۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ، وزیراعظم اور امیر جماعت کی ملاقات کے لیے تیاریاں شروع
انہوں نے کہا کہ تاحال حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے معاملے میں پیشرفت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ جماعت اسلامی پیٹرول پر فی لیٹر لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔










