درآمدی موبائل فونز پر سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی اجازت

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل بورڈ آف ریونیو یعنی ایف بی آر نے درآمد کیے گئے موبائل فونز کو ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم کے تحت رجسٹر کرانے کے لیے سیلز ٹیکس ماہانہ اقساط میں ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے جمعے کو کسٹمز جنرل آرڈر (سی جی او) نمبر 06 آف 2026 جاری کیا، جس کے ذریعے 2019 کے کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 01 میں ترمیم کرتے ہوئے درآمدی موبائل فونز پر سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کا طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، ملک بھر میں 58 لاکھ سے زیادہ غیرفعال سمیں بلاک

نئے طریقہ کار کے مطابق افراد ڈیوائس رجسٹریشن کے لیے ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے درخواست جمع کراتے وقت اقساط میں ادائیگی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

اس سہولت سے بین الاقوامی مسافروں، مقامی درخواست گزاروں اور ڈاک یا کوریئر سروس کے ذریعے ذاتی طور پر موبائل فون درآمد کرنے والے افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق سیلز ٹیکس مساوی ماہانہ اقساط میں ادا کیا جائے گا، جن کی تعداد اس مالی سال میں باقی رہ جانے والے مہینوں کے مطابق مقرر ہوگی جس کے دوران موبائل فون درآمد کیا گیا ہو، درخواست جمع کرانے کا مہینہ بھی اقساط کی تعداد میں شمار کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کیا اگلے بجٹ میں موبائل فون اسمبلنگ یونٹس پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا؟

تاہم، اگر کوئی موبائل فون جون میں درآمد کیا جاتا ہے تو اس پر واجب الادا پورا سیلز ٹیکس اسی ماہ کے اختتام سے قبل ادا کرنا ہوگا۔

نئے طریقہ کار کے تحت پہلی قسط درخواست جمع کراتے وقت ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے جاری ہونے والی پیمنٹ سلپ آئی ڈی کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

بعد کی اقساط کے لیے ہر ماہ متعلقہ تاریخ کو الگ پی ایس آئی ڈی جاری کی جائے گی۔ اگر کسی مہینے میں وہ تاریخ موجود نہ ہو تو ادائیگی کے لیے اس مہینے کا آخری دن مقرر ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس کی شرح میں کمی، ایف بی آر نے خوشخبری سنا دی

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ تمام اقساط کی ادائیگی 30 جون، یعنی مالی سال کے اختتام سے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ تاہم، درخواست گزار چاہیں تو تمام اقساط یا ان میں سے کوئی بھی قسط مقررہ وقت سے پہلے ادا کر سکتے ہیں۔

کسٹمز جنرل آرڈر میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ اگر کوئی فرد مقررہ تاریخ تک قسط ادا کرنے میں ناکام رہتا ہے تو اسے نادہندہ تصور کیا جائے گا۔

’ایسی صورت میں متعلقہ موبائل فون غیر رجسٹرڈ قرار دے کر ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے بلاک کر دیا جائے گا۔‘

مزید برآں، باقی تمام واجب الادا سیلز ٹیکس فوری طور پر قابلِ ادائیگی ہو جائے گا اور نادہندہ فرد کو مزید اقساط میں ادائیگی کی سہولت حاصل نہیں رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp