یومِ اقوام متحدہ: شہباز شریف کا عالمی امن اور تنازعات کے پرامن حل پر زور

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان نے یومِ اقوام متحدہ کے موقع پر اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، عالمی امن، خودمختاری کے مساوی احترام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے منشور کے کئی بنیادی اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی تشویش ناک ہے، خصوصاً مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں ان اصولوں کی خلاف ورزیاں نمایاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان اختتام پذیر

وزیراعظم شہباز شریف نے 24 اکتوبر 2026 کو یومِ اقوام متحدہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ اقوام متحدہ کے منشور کی 81ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختار مساوات، دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، حق خودارادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے وابستہ ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا کردار

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ان امن اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں، خصوصاً پاکستانی اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے عالمی امن مشنز میں سب سے زیادہ اہلکار فراہم کرنے والے ممالک میں شامل رہا ہے اور نیلے ہیلمٹ پہن کر عالمی امن کے لیے خدمات انجام دینے پر فخر کرتا ہے۔

انسانی امداد اور ترقی میں اقوام متحدہ کی اہمیت

شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے کردار کو بھی سراہا، جو دنیا بھر میں انسانی بحرانوں سے نمٹنے، صحت اور تعلیم کے فروغ اور ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، خصوصاً ترقی پذیر ممالک میں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کے اصول پر قائم ہے اور چاہتا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کرتا رہے۔ انہوں نے تمام رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ سب کے لیے امن اور خوشحالی کے منشور کے وژن کو حقیقت بنایا جا سکے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول

وزرات خارجہ پاکستان نے اپنے الگ پیغام میں کہا کہ 1947 میں اقوام متحدہ میں شمولیت کے بعد سے اس کی خارجہ پالیسی خودمختاری کے مساوی احترام، عدم مداخلت، حق خودارادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں پر قائم ہے۔ پاکستان نے پائیدار ترقی، عالمی تعاون اور امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp