کل انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ، مخالف کی فکر نہیں، ہدف صرف جیت ہو گی، شاہین آفریدی کا اعلان

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک روزہ سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کل اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ کے مدمقابل آئے گا۔ کامیابی کی صورت میں گرین شرٹس 31 اکتوبر کو شیڈول فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لیں گے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے سیریز میں اب تک دونوں میچ جیتے ہیں۔ میزبان ٹیم نے پہلے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔اس کے بعد راولپنڈی میں انگلینڈ کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا جس کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔

انگلینڈ کے لیے ہر میچ فائنل

دوسری جانب انگلینڈ کے لیے یہ مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچ ہار چکی ہے۔ فائنل تک رسائی کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے اسے پاکستان کو ہر صورت شکست دینا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سہ فریقی ون ڈے سیریز، قومی کرکٹ اسکواڈ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں  14 اکتوبر کو اسلام آباد طلب

انگلینڈ کو گزشتہ روز سری لنکا کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے حیران کن شکست ہوئی۔ سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف ایک گیند باقی رہتے ہوئے حاصل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

نئی پچ، نیا امتحان

پاکستان 2 مرتبہ 300 سے زیادہ رنز کا کامیابی سے دفاع کر چکا ہے۔ تاہم گرین شرٹس کو قذافی اسٹیڈیم کی نئی وکٹ سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ یہاں کی پچ کا مزاج راولپنڈی سے مختلف ہو سکتا ہے۔

ہمارا ذہن صرف جیت پر ہے، شاہین آفریدی

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اپنی رفتار برقرار رکھنے پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق مخالف ٹیم کی کارکردگی ان کی ترجیح نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم دوسری ٹیم کی پروا نہیں کرتے، نہ یہ دیکھتے ہیں کہ اس نے کتنے رنز بنائے یا اس کی سوچ کیا ہے۔ ہماری سوچ یہ ہے کہ ہمیں میچ جیتنا ہے۔‘

شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہاکہ ’ ہم اپنے منصوبوں پر قائم رہنے کی کوشش کریں گے۔ ہم اپنا معمول کا نظم و ضبط برقرار رکھیں گے اور ہمیں میچ جیتنا ہے۔‘

مزید پڑھیں:پی ایس ایل میچ میں فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام، اوپنر سمیت شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف مشکلات کا شکار

بولنگ یونٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم پہلے بولنگ کریں گے تو مخالف ٹیم کو 250 رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ہم بطور بولنگ یونٹ ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

صائم ایوب اور فخر زمان پر بھرپور اعتماد

قومی کپتان نے اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان کی بھرپور حمایت کی اور انہیں ٹیم کے لیے اہم قرار دیا۔صائم ایوب کے بارے میں شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ ’ اگر آپ ون ڈے کے 5 یا 6 بہترین ٹاپ آرڈر بیٹرز کا انتخاب کریں گے تو صائم ایوب کو رنز بناتے پائیں گے۔ ان کا فائدہ یہ ہے کہ وہ کارآمد بولر بھی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ نے انگلینڈ کے خلاف دیکھا کہ جب ہمیں سخت ضرورت تھی تو انہوں نے بیٹرز کو قابو میں رکھا۔ وہ اچھے فیلڈر بھی ہیں۔ ہم دعا کریں گے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائیں۔‘

فخر زمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’فخر بھی پاکستان کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ان کی ٹیم میں موجودگی بہت ضروری ہے۔‘

بہترین کمبی نیشن کی تلاش

شاہین شاہ آفریدی کے مطابق ٹیم بہترین کمبی نیشن تشکیل دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ میچوں میں کم تبدیلیاں کی گئیں۔

انہوں نے لیگ اسپنر ابرار احمد کو بہت اچھا بولر قرار دیا۔ ان کے مطابق جب حالات اسپن کے لیے سازگار ہوں گے تو ابرار کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ کپتان نے نمبر 8 پر ایک مستند آل راؤنڈر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ورلڈ کپ کی تیاری اور صاحبزادہ فرحان

شاہین نے بتایا کہ پاکستان ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں ٹی 20 کپتان صاحبزادہ فرحان کو بھی مستقبل میں موقع دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ’اگر ہمیں صاحبزادہ کی ضرورت محسوس ہوئی، کیونکہ وہ ٹی 20 کے کپتان ہیں، تو آئندہ میچوں میں ایک 2 کھلاڑیوں کو موقع دیں گے اور ان کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔‘

ول جیکس ’واپسی کا اچھا موقع ہے‘

انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس نے ٹیم کے بارے میں پرامید رویہ اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس مہم کو دوبارہ جیت کے لیے موقع موجود ہے۔

مزید پڑھیں:بابراعظم کی فارم واپس آنے سے ڈریسنگ روم کا اعتماد بحال ہورہا ہے، شاہین شاہ آفریدی

جیکس نے کہا کہ ’میرے خیال میں ہمارے پاس واپسی کا اچھا موقع ہے۔ سیریز میں ہمارے 2 میچ باقی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ہم ایک سادہ صورتحال میں ہیں، ہمیں اپنے لیے موقع بنانے کے لیے دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔ ہم اس چیلنج کے منتظر ہیں۔‘

لاہور کی پچ کے بارے میں توقعات

جیکس نے توقع ظاہر کی کہ لاہور میں بیٹنگ کے لیے سازگار حالات ملیں گے۔ تاہم انگلینڈ ٹریننگ کے بعد پچ کا جائزہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’یہاں مختلف اقسام کی پچیں تیار کرنے کی یقینی طور پر صلاحیت موجود ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ راولپنڈی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں کرکٹ میں بیٹنگ کے لیے اچھی جگہ ہے۔ میں لاہور میں بھی ایسی ہی توقع کر رہا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ابھی یہاں پہنچے ہیں، اس لیے آج رات ٹریننگ پچز کا جائزہ لینا ہوگا کہ وہ کیسی کھیلتی ہیں، اس کے بعد کل اندازہ لگائیں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp