بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، پشاور اسکول سانحے پر بریفنگ

جمعرات 15 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے انتہا پسندی کی سیاست نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں رہنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پشاور میں ہونے والے اسکول سانحے سے متعلق بریفنگ دی۔

گورنر نے بتایا کہ آج پشاور میں ہونے والے المناک حادثے میں 33 طلباء اور 2 اساتذہ جاں بحق ہوئے۔ اسکول کے مالک کو ابتدائی تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ میں نے ایک انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو کل صبح حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرکے رپورٹ دے گی۔ اس سانحے کے متاثرہ لواحقین کو فی خاندان دس لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو تین لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

گورنر نے مزید بتایا کہ میں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جاں بحق ہونے والے طلبا اور اساتذہ کی نمازِ جنازہ کے بعد سوگوار خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

اس موقعے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک سانحہ ہے لہٰذا ایسے اقدامات کیے جائیں کہ ایسے المناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

مزید پڑھیے: بلاول بھٹو زرداری اور رانا ثنا اللہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن مقرر

گورنر نے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف صفِ اول میں لڑنے والے پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں نہ صرف پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ پولیس شہدا کے ورثاء میں پلاٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اگر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کوئی پولیس اہلکار خدانخواستہ مستقل معذوری کا شکار ہو جائے تو اس کی امداد پانچ لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم  شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا  فیصل کریم کنڈی کی اہم ملاقات، کیا کچھ زیر بحث آیا؟

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن کے جانباز پولیس سپاہیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبے کی خوش حالی اور ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp