پاک بحریہ کے وار کورس کے 150 رکنی وفد کا وزارت خارجہ کا دورہ

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک بحریہ کے وار کورس کے تقریباً 150 رکنی وفد نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا، جہاں شرکا کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات، سفارتی سرگرمیوں اور اہم علاقائی و عالمی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وفد میں پاکستانی افسران کے علاوہ دوست ممالک کے فوجی افسران اور فیکلٹی ارکان بھی شامل تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ سفیر سجاد حیدر خان نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے طریقہ کار، اس کی ذمہ داریوں اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت اور بدلتے ہوئے عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے فروغ، دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مستحکم کرنے اور علاقائی امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط اور مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور بین الاقوامی سطح پر فعال روابط کی اہمیت بھی اجاگر کی، جن کا مقصد مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔

بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا کو پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں، خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور علاقائی و عالمی صورت حال کے حوالے سے سوالات کرنے اور اپنے خیالات کے اظہار کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں:ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس، پاکستان نے علاقائی ترقی کا شاندار روڈ میپ پیش کر دیا، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کے مطابق اس نشست میں پاکستان کے سفارتی کردار اور عالمی برادری کے ساتھ روابط کے مختلف پہلوؤں پر تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp