وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے پروگرام پر اب تک ہونے والی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مستحق شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
Islamabad: Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif chairs a meeting on the progress of PM Fuel Relief Program (05 November 2026).
@AmirSaeedAbbasi @KulAalam https://t.co/GgNgmBRe9m— Media Talk (@mediatalk922) November 5, 2026
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول ریلیف پروگرام کے تحت اب تک 15 لاکھ 51 ہزار 928 شہری رجسٹر ہوچکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹرسائیکلیں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال کیے جاچکے ہیں۔ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں بھی کی جاچکی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے اسکیم کی مؤثر نگرانی اور کارگر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک سمیت وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔











