کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گریزلی ریچھ کے مبینہ حملے میں ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئیں، دونوں خواتین کی لاشیں کئی روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ جینیفر بالکاراس اور ان کی 20 سالہ بیٹی سیلا ریڈ یکم نومبر کو لاپتا ہوگئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: نائیجیریا میں جنگلی حیات کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان
دونوں خواتین دوپہر کے وقت مختصر چہل قدمی کے لیے گھر سے نکلی تھیں، تاہم مقررہ وقت پر واپس نہ پہنچنے پر اہل خانہ نے ان کی تلاش شروع کرتے ہوئے حکام کو اطلاع دی۔
برٹش کولمبیا کنزرویشن آفیسر سروس کے مطابق دونوں خواتین کی باقیات بیلا کولا کے علاقے میں ایک ہائیکنگ ٹریل کے قریب سے ملیں۔
Mom and daughter killed in suspected bear attack on 'casual walk' minutes from home https://t.co/fLMHYRsYQ8 pic.twitter.com/b1qgqQkZkQ
— New York Post (@nypost) November 4, 2026
جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد سے شبہ ظاہر کیا گیا کہ کسی جنگلی جانور کا حملہ ان کی ہلاکت کا سبب بنا۔
حکام کے مطابق جینیفر بالکاراس کی باقیات پیر جبکہ ان کی بیٹی سیلہ ریڈ کی باقیات منگل کو سرچ آپریشن کے دوران ملیں، کارروائی میں کنزرویشن افسران اور رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے حصہ لیا۔
بی سی کنزرویشن آفیسر سروس کے انسپکٹر جیف ٹائر نے بتایا کہ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خواتین کی ہلاکت میں ایک ریچھ ملوث تھا یا ایک سے زیادہ ریچھوں نے حملہ کیا۔
مزید پڑھیں: افریقہ: گینڈوں کے سینگ کس طرح اس جانور کی موت کا سبب بن رہے ہیں؟
حکام ممکنہ طور پر حملے میں ملوث ریچھوں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ریچھ پکڑا گیا تو اس کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور حملے میں ملوث ہونے کی تصدیق پر عوامی تحفظ کے پیش نظر صوبائی ضوابط کے مطابق اسے ہلاک کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برٹش کولمبیا میں اندازاً 10 ہزار سے 13 ہزار گریزلی ریچھ موجود ہیں، یہ ریچھ صوبے کے قدرتی ماحول کا اہم حصہ ہیں، تاہم انہیں خطرے سے دوچار نسلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: نائیجیریا میں جنگلی حیات کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان
حکام کے مطابق انسانوں اور ریچھوں کے درمیان تصادم کے واقعات نسبتاً کم ہوتے ہیں، لیکن اچانک سامنا ہونے یا اپنے بچوں اور خوراک کے تحفظ کے دوران یہ جانور حملہ آور ہوسکتے ہیں۔
صوبے میں اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں میک گریگر ماؤنٹین کے علاقے میں گریزلی ریچھ کے حملے میں 2 ہائیکرز زخمی ہوئے تھے، جن میں سے ایک بعد ازاں دم توڑ گیا، جبکہ نومبر 2025 میں بیلا کولا کے علاقے میں ایک اسکول گروپ پر ریچھ کے حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔











