فٹبال کے میدان میں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی اور شدید ہنگامہ آرائی نے کھیل کا نقشہ ہی بدل دیا، ریفری نے ایک ہی میچ کے دوران مجموعی طور پر 53 ریڈ کارڈ جاری کرکے سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ غیر معمولی واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس میں انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں یوبیرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی شہری کی 5 فٹ 3 انچ لمبی داڑھی نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج
میچ کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب دوسرے ہاف کے آغاز میں یوبیرلینڈیا کے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس پر ٹیم کے متعدد عہدیدار احتجاج کرتے ہوئے میدان میں داخل ہوگئے۔ اس دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان تلخ کلامی اور کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث مقابلہ تقریباً 40 منٹ تک روکنا پڑا۔
میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد مامورے نے انجری ٹائم کے نویں منٹ میں گول کرکے 3-1 کی برتری حاصل کرلی۔ برازیلی میڈیا کے مطابق مامورے کے کھلاڑی ڈیوِی نے گول کا جشن مناتے ہوئے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو اشتعال دلایا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر لڑائی شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: 92 سال کی عمر میں پہلی بار نانا بننے والے امریکی شہری نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا
ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں ریفری نے مجموعی طور پر 43 کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان اور یوبیرلینڈیا کے بورڈ کے 2 عہدیداروں کو ریڈ کارڈ دکھائے۔ اس طرح ایک ہی میچ میں 53 ریڈ کارڈ جاری کیے گئے۔
میچ کے ریفری فرنینڈو پیٹرک ڈروشگک موڈیسٹو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دوسرے ہاف کے 54ویں منٹ میں بڑے پیمانے پر لڑائی شروع ہوگئی جس کے باعث ریڈ کارڈ دکھانے اور میچ ختم کرنے کا باضابطہ طریقہ کار مکمل کرنا ممکن نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سب سے ’ سلم ‘ کار تیار، نہ گرنے کا ڈر نہ پارکنگ کی پریشانی، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے تیار
ریفری کے مطابق ہنگامہ آرائی اور سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر انہوں نے مقابلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں دھمکیاں دیے جانے کے واقعے پر پولیس رپورٹ بھی درج کرائی گئی جبکہ میچ کے بعد مامورے کی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
اس واقعے سے قبل ایک فٹبال میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈ دکھائے جانے کا ریکارڈ 36 تھا، جو فروری 2011 میں ارجنٹینا کی پانچویں ڈویژن کی ٹیموں اٹلیٹیکو کلیپولے اور وکٹوریانو ایریناس کے درمیان مقابلے میں قائم ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سوئٹزرلینڈ کے کسان نے دنیا کی سب سے طویل مرچ اُگا لی، ‘گنیز ورلڈ ریکارڈ’ قائم
برازیل میں ہونے والے اس میچ میں 53 ریڈ کارڈ جاری کیے جانے کے بعد سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور یہ واقعہ فٹبال کی تاریخ کے غیر معمولی واقعات میں شامل ہوگیا۔واقعے کے بعد یوبیرلینڈیا کلب نے اعلان کیا کہ وہ سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ نہیں کھیلے گا۔ کلب نے اپنے فیصلے کو کھیل کے جذبے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے تحت اٹھایا گیا قدم قرار دیا۔
کلب کے مطابق ہنگامہ آرائی کے باعث مامورے کے پاس دوسرے مرحلے کے لیے مطلوبہ تعداد میں اہل کھلاڑی موجود نہیں تھے جس کے بعد یوبیرلینڈیا نے مقابلے سے دستبرداری اختیار کرلی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں مامورے کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ مل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خوف سے محبت تک، شارک نے خاتون کو گنیز ورلڈ ریکارڈ دلا دیا
یوبیرلینڈیا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کلب کی سطح پر مناسب تادیبی کارروائی کی جاچکی ہے کیونکہ کھیلوں میں کامیابی کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی شخصیت اور کردار سازی بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔











